حیدرآباد(پریس نوٹ) ہمت اور عزم مضبوط ہوتو سیول سرویسس میں کامیابی یقینی ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر بی ایم ونود کمار(آئی ایف ایس وسابق سفیرجرمنی و آذربائیجان) نے میسکو کالج میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا
۔انہوں نے بتایا کہ وہ مشکل حالات کے باوجود وہ ایک کامیاب سفیر بنے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ وہ ابتداء میں ریت پر تلگو الفاظ کو لکھ کرمشق کیا کرتے تھے اور تلگو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے کے باوجود انہوں نے ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کی ہے اور اور پھر اپنے خواب یعنی سیول سروسیس کو پورا کیا۔ محنت، لگن،ایمانداری اور جستجو کے سبب وہ ایک کامیاب جرمن، آذر بائیجان اور دیگر کئی ملکوں میں کامیاب سفیر کے طور پرخدمات انجام دے چکے ہیں۔
ا نہوں نے طلبہ کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ احساس کمتری کا شکار نہ ہو بلکہ بلند خوابوں کو دیکھیں اور اپنا ایک مقصد بنائیں اور اس مقصد کوپورا کرنے کیلئے دیوانہ وار جدوجہد کریں کیونکہ عزم مضبوط ہوتو کامیابی خود بہ خود آپ کے قدم چومے گی۔ عبدالقدیر نے یوپی ایس سی اور دیگر امتحانات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور طلبہ کو کئی ایک مشوروں سے نوازا۔ مرزا مظہر علی بیگ نے طلبہ سے زندگی میں اپنا ایک مقصد بنا نے پر زور دیا
اور کہاکہ بہترین منصوبہ بندی کے ذریعہ کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ڈاکٹر صالحہ فردوس (پرنسپل میسکو کالج) نے ابتداء میں کالج کاتعارف پیش کیا اور بتایا کہ یہاں پر ایم بی اے، ایم سی اے، فارمیسی اور ڈگری کورسیس کی تعلیم کی سہولیات موجود ہے۔ یہاں پرتجربہ کار اساتذہ و اعلی تعلیم کی مکمل سہولیات موجود ہیں۔طلبہ کی رہنمائی ورہبری کیلئے آگے بھی اس طرح کے معلوماتی پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے۔
بشیر احمد (ڈائرکٹر وچیف کونسلر آف سول سروسیس اکیڈیمی) نے طلبہ کو سیول سروسیس کی اہمیت بتائی اور کہا کہ صرف ڈھائی فیصد مسلما ن سول سروسیس میں ہیں جبکہ ہماری آبادی17 فیصد ہے۔اس کے علاوہ تعلیم میں ہمارا حصہ 5 فیصد ہی ہے۔ جبکہ جیلوں میں 20 فیصد سے زیادہ مسلمان ہیں۔
یہ وقت ہمارے لئے بیداری کا ہے۔ حامد حسین (عربک لکچرر) کی قرأت سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ اسماء بیگم(اسسٹنٹ پروفیسر)نے کاروائی چلائی۔ اس موقع پر اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیرتعدادموجودتھی۔