تلنگانہ:دسویں جماعت کے امتحان کی تیاری،طالب علم کو جگانے کلکٹر لڑکے کے گھر پہنچ گئے

حیدرآباد: دسویں جماعت کے امتحانات میں بہترمظاہرہ کرنے اورتعلیم حاصل کرنے کے لئے جوش وجذبہ کامظاہرہ کرنے کے لئے تلنگانہ کے یادادری بھونگیر ضلع کے کلکٹر نے ایک طالب علم کے گھر جاکردستک دے کر صبح تقریبا 5بجے اس کو نہ صرف امتحانی تیاری کیلئے جگایا بلکہ اس کو اپنے ساتھ بھی لے گئے۔

کلکٹر کے اس انوکھے پروگرام کی ویڈیوزسوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد سوشیل میڈیا کا استعمال کرنے والوں نے ان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش اورپھر تلنگانہ کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔اس ویڈیو میں دکھایاگیا ہے کہ کلکٹر ہنمنت راو طالب علم کی حوصلہ افزائی بھی کررہے ہیں۔

انہوں نے صبح 5 بجے ضلع کے سمستھان نارائن پورم منڈل کے کنکنلا گوڑم گاؤں میں دسویں جماعت کے طالب علم کے گھر جا کر دروازہ کھٹکھٹایا۔ انہوں نے بھرت چندر کہہ کر پکارا اور خود کا ضلع کلکٹر کے طورپرتعارف کرواتے ہوئے طالب علم کی تعلیمی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ کلکٹر نے کہا کہ دسویں جماعت کے امتحانات ایک اہم سنگ میل ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے طالب علم کی تعلیم میں مدد کے لیے ایک کرسی اور رائٹنگ پیڈ تحفے میں دیا۔

بعد ازاں، کلکٹر نے طالب علم کے والدین سے گفتگو کی اور ان کی مالی حالت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ دسویں جماعت کے امتحانات مکمل ہونے تک ہر ماہ 5,000 مالی امداد فراہم کریں گے اور فوری طور پر فروری کے مہینے کی امداد بھی دی جائے گی۔ کلکٹر کے حوصلہ افزا الفاظ سے طالب علم کے خود اعتمادی میں اضافہ ہوگیا جس نے پختہ عزم کے ساتھ کہا کہ وہ محنت سے پڑھ کر پولیس عہدیداربنے گا۔

کلکٹر کو اپنے گھر آتے دیکھ کر طالب علم کے ارکان خاندان نے اپنی مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع پر کلکٹریٹ کے دیگر عہدیدار بھی کلکٹر کے ساتھ موجود تھے۔یہ پتہ نہیں چل سکا کہ کلکٹر کو اس طالب علم کے بارے میں کیسے اطلاع ملی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *