شہید باقری ڈرون کیرئیر ایک مکمل بحری جنگی یونٹ ہے، جنرل سلامی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے سپاہ کی بحریہ میں ” شہید باقری ڈرون کیرئیر” کی شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید باقری ڈرون کیرئیر محض ایک ڈرون بردار بحری جہاز نہیں، بلکہ ایک مکمل بحری جنگی یونٹ ہے جو دور دراز علاقوں میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ایران کے عوام کی جانب سے انقلاب کے ابتدائی دنوں میں دی جانے والی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی آنے سے دہائیوں پر محیط استعماری تسلط خصوصا امریکہ کی حکمرانی کا خاتمہ ہوا۔ ایرانی قوم غلامی سے نجات حاصل کر کے آزادی اور اسلام کی روشنی میں ایک نیا عہد لے کر آئی۔

سپاہ پاسداران کے سربراہ نے مزید کہا کہ ایران کو گزشتہ برسوں میں مختلف چیلنجوں اور مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ امریکہ ایران کی سیاسی خودمختاری کو کبھی برداشت نہیں کرسکا اور سازشوں، دہشت گردانہ حملوں، اقتصادی پابندیوں اور میڈیا پروپیگنڈے جیسے مختلف ہتھکنڈوں سے ایرانی عوام کی استقامت کو توڑنے کی کوشش کرتا رہا لیکن ہم نے ہمیشہ امام خمینی اور رہبر انقلاب کے ساتھ اپنے عہد پر قائم رہتے ہوئے دنیا کے سامنے اپنی عظیم طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔

جنرل حسین سلامی نے “شہید باقری ڈرون کیرئیر” اور اس کی صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک ڈرون بردار بحری جہاز نہیں، بلکہ ایک مکمل جنگی بحری یونٹ ہے جو طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل فائر کرنے، فضائی حملوں سے اپنا دفاع کرنے اور ایک مضبوط دفاعی سپر فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ایران کی بین الاقوامی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی کسی ملک کے لیے خطرہ پیدا نہیں کیا۔ ہماری پالیسی دوسروں کے ساتھ برابری اور انصاف کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے پر مشتمل ہے، لیکن اگر کسی نے ہمیں دھمکانے کی کوشش کی، تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ یہی ہماری قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔

اپنے خطاب کے دوران جنرل سلامی نے مسئلہ فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کے مظلوم عوام، خصوصا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اپنی سرزمین پر قابض اور ظالم قوتوں کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔ غزہ اور غرب اردن کے عوام کو آزادی کی جدوجہد جاری رکھنا چاہئے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *