دہلی اسمبلی انتخاب: سبھی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے کل صبح 7 بجے شروع ہوگی ووٹنگ، امیدواروں کی دھڑکنیں تیز

دہلی اسمبلی کی سبھی 70 نشستوں پر 5 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس بار دہلی اسمبلی انتخاب بے حد دلچسپ ہونے کی امید ہے، کیونکہ کانگریس، عآپ اور بی جے پی تینوں ہی پارٹیوں نے ایک دوسرے کے خلاف خوب حملہ کیا ہے اور دہلی کو بہتر بنانے سے متعلق اپنے نظریات عوام کے سامنے رکھے ہیں۔ اب عوام کی باری ہے جب وہ اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ ڈالیں گے۔ ووٹرس کا رجحان کس طرف جائے گا، اس معاملے میں سوچ کر سبھی امیدواروں کی دھڑکنیں تیز ہونا لازمی ہے۔ اس درمیان الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے عمل کو پاک و صاف بنانے کی پوری کوشش کی ہے۔

چیف الیکٹورل افسر دہلی کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق اس مرتبہ 13766 ووٹنگ سنٹرس بنائے گئے ہیں، جن پر تقریباً 1.56 کروڑ ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ دہلی میں 83.76 لاکھ مرد، 72.36 لاکھ خاتون اور 1267 تیسری جنس کے ووٹرس ہیں۔ الیکشن کمیشن نے معذور ووٹرس کے لیے 733 ووٹنگ سنٹرس قائم کیے ہیں۔ یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ سبھی پولنگ مراکز پر بنیادی میڈیکل کِٹ سے مزین پیرامیڈیکل اسٹاف تعینات رہے گا۔ بزرگ ووٹرس کی مدد کے لیے خادم کی بھی تعیناتی ہوگی اور معذور ووٹرس کو آسانیاں فراہم کرنے کے لیے اشاروں کی زبان سمجھنے والے ماہر بھی ہوں گے۔

5 فروری کو ووٹنگ کے لیے جاری تیاریوں کے درمیان دہلی کی چیف الیکٹورل افسر آر ایلس واز نے سبھی ووٹرس سے گزارش کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں پولنگ سنٹرس پر پہنچ کر حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ انھوں نے ووٹنگ کو ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے اس جشن میں حصہ لے کر ووٹرس اپنا تعاون پیش کریں۔ ایلس واز نے ووٹرس کی سہولت کے لیے کی گئی تیاریوں کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پینے کے پانی، بیت الخلا، وہیل چیئر اور معذوروں کے لیے ریمپ کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔ ہمارا ہدف سبھی ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ووٹرس کو کسی بھی پولنگ سنٹر پر کوئی دقت نہ ہو۔‘‘

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *