مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ آج میں شہید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی تشییع جنازہ اور جنوبی لبنان کی صورت حال کے بارے میں بات کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم فلسطینی مزاحمت القسام کے کمانڈر محمد الضیف اور ان کے نائب مروان عیسی کی شہادت پر فلسطینی قوم کو تعزیت اور اسیروں کی رہائی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے تاکید کی کہ یہ فلسطینی قوم کی حقیقی فتح تھی۔ اس سلسلے میں فلسطینی قوم اور مزاحمت کے تمام حامیوں کو مبارک باد ہو۔
انہوں نے کہا کہ لبنانی حکومت کے کندھوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسرائیلی دشمن کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے۔ یہ صرف جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں ہے بلکہ کھلی جارحیت ہے اور لبنانی حکومت کو اس سے فیصلہ کن طور پر نمٹنا چاہیے اور جنگ بندی کے ضامن کے طور پر امریکہ پر دباؤ ڈالا جائے۔
نعیم قاسم نے زور دیا کہ مزاحمت ایک راستہ اور ایک آپشن ہے اور ہم اپنے پلان کے مطابق صحیح وقت پر عمل کریں گے۔ امریکہ، اسرائیل اور بعض بیرونی ممالک کی حمایت سے داخلی حملے ہو رہے ہیں۔