سماجوادی پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی جے پی کے دباؤ میں ریٹرننگ افسر سماجوادی پارٹی کے ووٹرز کو ’ووٹر سِلپ‘ نہیں دے رہے ہیں۔
اترپردیش کے ملکی پور اسمبلی حلقہ سیٹ پر ہو رہے ضمنی انتخاب میں ووٹنگ کے لیے اب صرف 4 دن باقی رہ گئے ہیں۔ اس درمیان سماجوادی پارٹی نے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ایک بڑا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔ سماجوادی پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی جے پی کے دباؤ میں ریٹرننگ افسر سماجوادی پارٹی کے ووٹرز کو ’ووٹر سِلپ‘ نہیں دے رہے ہیں۔ سماجوادی پارٹی نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ’’ملکی پور اسمبلی ضمنی انتخاب میں بی جے پی حکومت کے دباؤ میں ریٹرننگ افسر کے ذریعہ سماجوادی پارٹی کے ووٹرز، خصوصاً یادو، مسلم اور دلت اکثریتی طبقہ والے علاقوں میں بی ایل او کے ذریعہ ووٹر سلپ تقسیم نہیں کرایا جا رہا ہے۔‘‘
سماجوادی پارٹی نے خط میں آگے لکھا ہے کہ ’’ریٹرننگ افسر کے ذریعہ سماجوادی پارٹی کے حمایتی ووٹرز خاص طور سے یادو، مسلم اور دلت اکثریتی طبقہ والے علاقوں میں واقع پولنگ اسٹیشن کے ووٹرز میں ووٹر سِلپ تقسیم کرنے کے لیے بی ایل او کو صرف 20 فیصد ووٹر سِلپ فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے انتخاب اور ووٹنگ فیصد خاصا متاثر ہو رہا ہے۔ ایسے میں منصفانہ انتخاب ممکن نہیں ہے۔‘‘ علاوہ ازیں خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ’’ضمنی انتخاب میں ریٹرننگ افسر کے ذریعہ صد فیصد ووٹر سِلپ کی تقسیم کو یقینی نہیں بنایا جانا الیکشن کمیشن آف انڈیا کے قوانین اور ہدایات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ سماجوادی پارٹی کو 414 پولنگ اسٹیشن کی ووٹر سِلپ فوری طور پر دستیاب کرائی جائیں۔‘‘
سماجوادی پارٹی نے ریٹرننگ افسر پر قانونی کارروائی کرنے کی گزارش بھی کی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ’’ملکی پور ضمنی انتخاب میں ریٹرننگ افسر کی جانب سے سماجوادی پارٹی کے ووٹرز خاص طور سے یادو، مسلم اور دلت اکثریتی طبقہ کے علاقوں میں بی ایل او کے ذریعہ ووٹر سِلپ تقسیم نہیں کرائے جانے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔‘‘ ساتھ ہی لکھا کہ ’’414 پولنگ اسٹیشن کی ووٹر سِلپ فوری طور پر سماجوادی پارٹی کو فراہم کرائی جائیں تاکہ آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور خوف سے پاک انتخابی عمل مکمل ہو۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔