بی آر ایس قیادت پر تنقید کرنا کانگریس و بی جے پی کا واحدنکاتی ایجنڈہ: ہریش راؤ

[]

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان، بی آر ایس قیادت پر تنقیدیں کرنے کا مقابلہ چل پڑا ہے۔

آج حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کے رام پور دیہات میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کو ترقیافتہ اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کیلئے کام کررہے ہیں تو دوسری طرف کانگریس اور بی جے پی، صرف کے سی آر او بی آر ایس پر تنقیدیں کرنے کے ایک نکاتی ایجنڈہ پر کام کررہی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ تعمیر کرتے ہوئے ریاست میں زرعی انقلاب برپا کیا گیا۔ اب ایسے مقامات جہاں ایک فصل اگانا مشکل تھا وہاں دو، دو فصلوں کی کاشت کی جارہی ہے۔

 ریاست جو کبھی زراعت کیلئے بورویلس پر انحصار کرتی تھی، میں اب بورویلس ختم ہوئے جا رہا ہیں۔ پینے کے پانی کا مسئلہ بھی اب نہیں رہا۔ گاؤں، گاؤں گھر، گھر نل کے ذریعہ صاف وشفاف پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس نے ر یاست پر 50 سال حکومت میں رہی مگر انہیں کبھی علاقہ تلنگانہ کے مسائل نظر نہیں آئے۔

 اب ایک موقع دینے کے نام پر عوام میں آرہی ہے۔ ہریش راؤ نے عوام سے خواہش کی کہ وہ کانگریس اور بی جے پی کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ بنیں۔ ان کی باتوں پر غور کریں جو وہ بغیر سوچے سمجھے کررہے ہیں۔

 وزیر فینانس نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد حاصل خوابوں کی ریاست تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت نے ہر محاذ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آسرا پنشن، کلیان لکشمی، رعیتو بندھو جیسی اسکیموں پر عمل کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کی کوشش کی گئی جس کے ثمرات بہترین برآمد ہوئے۔

 قبل ازیں رام پور دیہات کے عوام نے اتفاق رائے سے قرار داد منظور کرتے ہوئے ہریش راؤ کی تائید کا اعلان کیا۔ ہریش راؤ نے دیہات کے عوام کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے مسائل حل کرنے کے لئے دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے رام پور کے عوام کا ان کی تائید کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *