تلنگانہ کے کھمم میں 25 جنوری بروز ہفتہ، بعد نمازِ مغرب، مسجد مومنان میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا عبدالغنی صاحب (امام و خطیب، موتی مسجد کالوڈو) نے کی۔ یہ اجلاس حافظ جواد احمد (امام و خطیب، مسجد زین العابدین مرکز کھمم اور چیئرمین عوام ہند ویلفیئر اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن) کی دعوت پر منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں شہر کے مختلف ائمہ مساجد، صدورِ مساجد اور دانشوران نے شرکت کی اور کئی اہم امور پر مشاورت کے بعد متفقہ طور پر درج ذیل فیصلے کیے گئے: رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت کے پیشِ نظر، اذانِ فجر اور جماعت کو سحری کے اختتام کے 15 سے 20 منٹ کے اندر رکھا جائے گا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ نہ تو زیادہ تاخیر ہو کہ لوگ نیند کے غلبے کی وجہ سے نمازِ فجر سے محروم ہو جائیں اور نہ ہی اتنی جلدی اذان دی جائے کہ ابھی سحری کا وقت باقی ہو۔ مدارس کے سفیروں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ جمعیت علمائے ہند، ضلع کھمم کی تصدیق حاصل کریں۔ بغیر مقامی جمعیت کی تصدیق کے نہ کوئی مسجد چندے کا اعلان کرے گی اور نہ ہی اہلِ خیر حضرات کسی بھی غیر مصدقہ فرد کی مالی مدد کریں گے۔ زکوٰۃ کی تقسیم میں یہ بات یقینی بنائی جائے کہ پہلے اپنے قریبی رشتہ داروں اور محلے کے ان مستحقین کو مدد دی جائے جنہیں عام طور پر امداد نہیں مل پاتی۔ رمضان کے دوران سحر اور افطار کی دعوتوں میں فضول خرچی سے اجتناب کیا جائے اور میانہ روی اختیار کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ رمضان کے آخری عشرے میں نوجوانوں کو اعتکاف اور طاق راتوں کی عبادات کی طرف راغب کرنے پر زور دیا جائے تاکہ وہ بازاروں میں غیر ضروری وقت ضائع کرنے کے بجائے عبادت میں مشغول رہیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عید الفطر کی نماز مساجد کے بجائے عیدگاہ میں ادا کی جائے۔ معذور اور بزرگ افراد کے علاوہ تمام افراد عیدگاہ جا کر اجتماعیت اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ اجلاس میں حافظ جواد احمد نے مذکورہ امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ مولانا عبدالغنی صاحب کی دعا پر اجلاس کا باضابطہ اختتام ہوا۔ اس سے قبل اجلاس کا آغاز مفتی شیخ آصف علی (خطیب مسجد مومنان) کے تمہیدی کلمات سے ہوا۔
اس مشاورتی اجلاس میں درج ذیل علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے شرکت کی:
– مولانا ذبیح اللہ (امام، مسجد مومنان)
– مفتی محبوب علی قاسمی (امام، مدینہ مسجد مارکیٹ)
– حافظ عمران (امام، مسجد صدیقیہ پرکاش نگر)
– مفتی شجاع الدین اشاعتی (امام و خطیب، مسجد حلیمہ خاتون)
– حافظ امین حسن
– مولانا فیروز (امام و خطیب، مسجد محمدیہ)
– حافظ شجاع الدین (امام، مسجد قطب شاہی)
اس کے علاوہ شہر کی مختلف مساجد کے صدور اور دانشور حضرات بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ تمام شرکاء نے اجلاس کے نکات سے اتفاق کیا اور انہیں عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا۔