نیویارک: صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 2 ہندوستانی امریکیوں کو اپنے خصوصی معاونین برائے قومی سلامتی و نجی معاملات مقرر کیا ہے۔
رکی گِل نیشنل سیکوریٹی کونسل(این ایس سی) میں سینئر ڈائرکٹر فار ساؤتھ اینڈ سنٹرل ایشین افیرس ہوں گے۔ وہ ہندوستان سے متعلق امور سے بھی نمٹیں گے جبکہ سوربھ شرما صدارتی پرسونل آفس میں کام کریں گے۔ رکی گِل‘ ٹرمپ کی پچھلی حکومت میں بھی کام کرچکے ہیں۔
وہ اُس وقت نیشنل سیکوریٹی کونسل میں ڈائرکٹر فار رشیا اینڈ یوروپین انرجی سیکوریٹی تھے۔ جسبیر اور پرم گِل کے بیٹے رکی گِل کی پیدائش نیوجرسی کی ہے۔
انہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی کے ووڈرو ولسن اسکول آف پبلک اینڈ انٹرنیشنل افیرس سے بیچلر ڈگری اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے لا ڈگری لی ہے۔ سوربھ شرما کی پیدائش بنگلورو کی ہے۔ وہ کنزرویٹیو اشاعت ڈیلی کالر میں صحافی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ٹیکساس سے بائیوکیمسٹری کی ڈگری لی ہے۔