دیویندر یادو نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کی طرح اس بار بھی عآپ اور بی جے پی کے لوگ جھوٹے انتخابی وعدوں کے ساتھ علاقے میں گھوم رہے ہیں، میں کہنا چاہتا ہوں کہ ان کے بہکاوے میں آپ لوگ نہ آئیں۔
بادلی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار اور دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج علاقے کا دورہ کر عوام کہا کہ وہ جھوٹے وعدے کرنے والوں سے دوری اختیار کریں اور کانگریس کا ساتھ دیں، کیونکہ یہ واحد پارٹی ہے جو اپنی ہر گارنٹی کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ دیویندر یادو نے آج تیل والی گلی، بادلی گاؤں اور اے بلاک مندر محلہ میں منقعد دو عوامی تقریبات سے خطاب کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے علاقے میں گھر گھر جا کر لوگوں سے ملاقات بھی کی۔
دیویندر یادو نے عوامی تقریب کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ انتخابات کی طرح اس مرتبہ بھی عآپ اور بی جے پی کے لوگ جھوٹے انتخابی وعدوں کے ساتھ علاقے میں گھوم رہے ہیں۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ ان کے بہکاوے میں آپ لوگ نہ آئیں، کیونکہ 2015 میں عوام نے سمجھا کہ شاید کیجریوال کچھ نیا کر کے دکھائیں گے، اور 2020 میں کچھ نہ کرنے کے باوجود مزید ایک بار موقع لینے کے نام پر لوگوں کو گمراہ کر کے حکومت بنائی تھی۔‘‘
دیویندر یادو کہتے ہیں کہ دوسری مرتبہ حکومت سازی کے بعد کیجریوال نے جو رنگ دکھایا، وہ پوری دہلی کے سامنے ہے۔ کس طرح کووڈ وبا کے دوران خود کو گھر میں چھپا کر وہ بیٹھ گئے اور شیش محل بنانے میں مصروف نظر آئے۔ عوام کو کووڈ میں مرنے کے لیے چھوڑ دیا گیا۔ سچ تو یہی ہے کہ ضرورت کے وقت کیجریوال اور ان کی پارٹی دہلی والوں کو بے سہارا چھوڑ دیتی ہے۔
دہلی کانگریس صدر نے بادلی کی عوام سے کچھ اہم وعدے بھی کیے۔ انھوں نے کہا کہ جس جہنم میں آپ لوگ گزشتہ 10 سالوں سے جینے کے لیے مجبور ہیں، رکن اسمبلی بنتے ہی یہاں کی نالیوں، گلیوں، سڑکوں کو ٹھیک کراؤں گا۔ آج جب میں آپ سے ملنے آیا ہوں تو مندر کے پیچھے اتنی گندگی پڑی ہے اور کوڑے کا ڈھیر بن گیا ہے۔ یہ سب عآپ رکن اسمبلی اور کونسلرز کے نکمے پن کا نتیجہ ہے۔ گلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، سڑکوں پر گڈھے ہیں جو حادثات کو انجام دیتے ہیں۔ نالیاں بھری ہوئی ہیں اور سالوں سے سیور کی صفائی نہ ہونے سے اس کا پانی گلیوں میں بہہ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔