کانگریس نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت نے گھوٹالہ کرنے میں نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ آپ بھلے ہی چمچ 15-10 روپے میں خریدتے ہوں لیکن اس حکومت نے 810 روپے میں خریدا ہے۔
مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت میں کروڑوں روپے کے ’برتن گھوٹالہ‘ کا پردہ فاش ہوا ہے۔ اس خبر کے سامنے آتے ہی کانگریس نے حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے تازہ گھوٹالہ کو مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت میں گھوٹالے کا ’نیا ریکارڈ‘ قرار دیا ہے۔ کانگریس نے ہندی نیوزی چینل ’ٹی وی 9 بھارت وَرش‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت نے گھوٹالہ کرنے میں نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ آپ بھلے ہی چمچ 15-10 روپے میں خریدتے ہوں، لیکن مدھیہ پردیش حکومت میں خریدے گئے برتنوں کی قیمت سن کر آپ کا دماغ چکرا جائے گا۔‘‘
دراصل یہ گھوٹالہ آنگن باڑی کے لیے خریدے گئے برتنوں کے ساتھ ہوا ہے۔ کانگریس نے اس تعلق سے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یہاں آنگن باڑی کے لیے کروڑوں روپے کے ہزاروں برتن خریدے گئے، جن میں 1 چمچ 810 روپے میں خریدا گیا، 1 کرچھی 1348 روپے میں خریدی گئی، 1 جگ 1247 روپے میں خریدا گیا۔‘‘ ریاست میں برسراقتدار طبقہ پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’یہ مدھیہ پردیش کی حکومت میں کروڑوں روپے کا گھوٹالہ ہے۔ لگتا ہے مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت پی ایم مودی کے فنڈے پر ہی آگے بڑھ رہی ہے– عوام کو لوٹو-موج اڑاؤ۔‘‘
سنگرولی ضلع میں پیش آئے اس گھوٹالہ کے تعلق سے جب ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ راجندر شکلا سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’’ہماری حکومت بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹولرنس کی پالیسی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ اگر (بدعنوانی کا) کوئی معاملہ سامنے آتا ہے، تو ضروری کارروائی کی جاتی ہے۔ قصوروار پائے جانے پر سزا بھی دی جاتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ جس معاملے کا تذکرہ کیا جا رہا ہے، اس کی حقیقت بھی پتہ کی جائے گی۔ بی جے پی حکومت کے تحت اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سیاسی تحفظ نہیں دیا جاتا۔
دوسری طرف مدھیہ پردیش کانگریس ترجمان عباس حفیظ کا کہنا ہے کہ ’’یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت پہلے بھی بلوں میں اضافہ کر مہنگی کیٹرنگ اشیاء کا استعمال کر چکی ہے۔ یہاں تو ہر روز بدعنوانی کا ایک نیا معاملہ سامنے آ رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اس وقت موہن یادو حکومت کو انتہائی بدعنوان حکومت کہا جا رہا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں سنگرولی ضلع کے محکمہ برائے ترقی خواتین و اطفال میں برتن گھوٹالہ کا یہ معاملہ سامنے آیا ہے۔ 1500 آنگن باڑیوں کے نام پر 5 کروڑ روپے کا یہ برتن گھوٹالہ کیا گیا ہے۔ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ 10 روپے میں ملنے والی چمچ کی قیمت 810 روپے لگائی گئی ہے۔ اس حساب سے 46500 چمچ 3 کروڑ 76 لاکھ 65 ہزار روپے میں خریدی گئیں۔ اتنا ہی نہیں ایک سروِنگ چمچ کی قیمت 1348 روپے بتائی گئی ہے۔ اس طرح 6200 سروِنگ چمچ 83 لاکھ 57 ہزار 600 روپے میں خریدی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں پانی پینے والے ایک جگ کی قیمت 1247 روپے لگائی گئی ہے۔ 3100 جگ کی خریداری ہوئی ہے جس کی مجموعی قیمت 38 لاکھ 65 ہزار 700 روپے ہے۔ کچھ مزید برتن بھی خریدے گئے ہیں اور اس کی قیمت بھی بہت زیادہ بتائی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔