نئی دہلی: محکمہ انکم ٹیکس اینٹی بے نامی قانون کے تحت جائیداد کے حقیقی مالک کی شناخت نہ ہونے پر بھی اثاثہ ضبط کرسکتا ہے۔ اِس قانون میں ایک دفعہ اس سلسلہ میں موجود ہے۔ انسدادِ بے نامی جائیداد معاملتیں (پی بی پی ٹی) قانون 1988ء کے تحت قائم اتھارٹی نے 26نومبر 2024ء کی اپنی رولنگ میں محکمہ انکم ٹیکس لکھنؤ یونٹ کے جاری کردہ اراضی ضبطی حکم نامہ کو برقرار رکھا۔
محکمہ نے لکھنؤ کی 3 رئیل اسٹیٹ کمپنیوں پر چھاپے مارے تھے، جنہوں نے کاکوری (ضلع لکھنؤ) میں بڑے پلاٹس بھاری غیر محسوب رقومات دے کر خریدے تھے۔ انسدادِ بے نامی یونٹ لکھنؤ نے اکتوبر 2023ء میں عبوری حکم نامہ جاری کیا تھا کہ کاکوری میں 3.47 کروڑ روپے مالیتی 5 پلاٹس ضبط کرلئے جائیں گے۔
یہ حکم نامہ توثیق کے لئے اتھارٹی کو بھیجا گیا تھا۔ عام طور پر محکمہ انکم ٹیکس کے ضبطی آرڈر میں بے نامی دار کا نام ہوتا ہے۔ اتھارٹی نے کہا کہ وہ محکمہ انکم ٹیکس کے ضبطی آرڈر کی عبوری طور پر توثیق کررہی ہے۔