حیدرآباد: شہر کے علاقہ راجندر نگر میں واقع پروفیسر جے شنکر تلنگانہ زرعی یونیورسٹی میں دیکھا جانی والا جانور تیندوا نہیں بلکہ جنگلی بلی ہے۔ اس علاقہ میں جنگلی جانور کو دیکھنے کے بعد اسے تیندوا سمجھا گیا تھا اور لوگ خوفزدہ ہوگئے تھے،جس کے بعد محکمہ جنگلات کے حکام نے مختلف جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے۔
اتوار کی رات 3:32 بجے جنگلی بلی کے چلنے کے ویڈیوس ریکارڈ ہوئے۔ تیندوے کے قدموں کے نشانات کہیں بھی نظر نہیں آئے، تفتیش کے دوران ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ یہ تیندوا تھا۔
حکام نے واضح کیا کہ یہ جنگلی بلی تھی اور اسے تیندوا قرار دینے کی افواہوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مزید چند دنوں تک سی سی ٹی وی کیمرے یہاں نصب رہیں گے اور اس علاقے کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تیندوا نہ ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد اب صبح سویرے واک کرنے والوں نے راحت کی سانس لی۔