حیدرآباد۔ شہر کے مضاتی علاقہ پوپال گوڑہ میں نوجوان اورلڑکی کی نعشیں پہاڑی علاقہ سے دستیاب ہوئیں جنکا بے دردی سے قتل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پوپال گوڑہ کے جنگلاتی علاقہ میں واقع ایک مندر کے پاس مقامی افراد چہل قدمی کررہے تھے کہ اس دوران جھاڑیوں میں نوجوان لڑکا اور لڑکی کی نعشیں دیکھ کر انھوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
بتایاگیا ہے کہ حملہ آوروں نے پہلے چاقووں سے حملہ کیا۔ اس کے بعد ان کے سروں پر وزنی پتھر ڈال دیا۔ پولیس نے مہلوکین کی شناخت 25 سالہ انکت ساکت متوطن مدھیہ پردیش ساکن نانک رام گوڑہ اور 25 سالہ بندو متوطن چھتیس گڑھ ساکن ایل بی نگر کے طورپر کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں ایک دوسرے کو جانتے تھے اور انکت نے اسے 8جنوری کوایل بی نگر سے نانک رام گوڑہ میں واقع اپنے ایک دوست کے مکان میں رکھا تھا۔
پولیس کو شبہ ہے کہ قتل کی یہ واردات 11جنوری کی رات پیش آئی۔ لڑکی کی نعش نیم برہنہ حالت میں پائی گئی۔ قریب ہی پولیس کو شراب کی بوتلیں بھی پڑی ہوئی ملیں۔پولیس نے اس سلسلہ میں دونوں کے گھر والوں کو اطلاع دے دی۔ حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی۔ قتل کی وجہ فوری پتہ نہیں چل سکی پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔