ڈاکٹر انور خورشید کے لئے “پرواسی بھارتیہ سمان ایوارڈ” حق بحقدار رسید ہے

ریاض ۔ نمائندہ خصوصی

ڈاکٹر سید انور خورشید، سعودی عرب میں سب سے طویل خدمات انجام دینے والے ہندوستانی میڈیکل ڈاکٹرز میں سے ایک ہین۔ ڈاکٹر خورشید کو 10 جنوری 2025 کو پرواسی بھارتیہ سمان ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں صدرِ ہند کے ہاتھوں دیا جاتا ہے۔

 

 

ڈاکٹر انور خورشید کا تعلق کرناٹک کے گلبرگہ شہر سے ہے۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے 40 سے زیادہ سال سعودی عرب میں گزارا۔ انہوں نے طائف کے کنگ فیصل اسپتال میں تیس سال خدمات انجام دیں اور تقریباً دس سال ریاض میں شاہی پروٹوکول کے معالج کے طور پر کام کیا۔ COVID-19 کی وباء کے دوران ان کی خدمات قابلِ قدر رہیں۔ انہوں نے حج کے دوران مینا اور عرفات میں شدید نگہداشت کے نظام اور طبی امداد کی نگرانی کی۔

 

تعلیم کے میدان میں بھی ان کا کردار اہم رہا ہے۔ انہوں نے طائف میں انٹرنیشنل انڈین اسکول قائم کیا اور سعودی عرب میں ہندوستانی کمیونٹی کے لیے دیگر اسکولوں کے قیام میں تعاون فراہم کی۔
یہ ایوارڈ، جو 2003 میں شروع کیا گیا تھا، بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کی اعلی خدمات کو سراہتا ہے۔ ڈاکٹر خورشید اس سال ایوارڈ حاصل کرنے والے 27 افراد میں شامل رہے اور سعودی عرب سے واحد شخصیت ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل کیا۔

 

ہندوستان کے سفیر سہیل اعجاز خان نے ان کے بارے میں کہا ڈاکٹر سید انور خورشید ایک ممتاز معالج ہیں جنہیں صحت کے شعبے میں 45 سال کا تجربہ ہے۔ انہوں نے کنگ فیصل اسپتال میں تین دہائیوں تک خدمات انجام دیں اور شاہی خاندان کے میڈیکل پروٹوکول کا حصہ رہے۔ گلبرگہ کی ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ڈاکٹرانور خورشید کی صحت اور تعلیم کے لیے خدمات ہم سب کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ یہ گلبرگہ کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔

 

ڈاکٹر سید انور خورشید کی کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری ہندوستانی کمیونٹی کے لیے ایک اعزاز ہے، جو ان کی زندگی بھر کی محنت اور دیانتدارانہ خدمات کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر خورشید کے لئے “پرواسی بھارتیہ سمان ایوارڈ “حق بحقدار رسید” ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *