[]
حیدرآباد: پرانے شہر کے ساؤتھ زون حدودمیں پہلی بار ایک فرض شناس انسپکٹر کاتبادلہ عمل میں آیاہے۔ ان سے قبل بھی کئی عہدیدار آئے اور چلے گئے مگر ایسا باہمت عہدیدار ساؤتھ زون میں پہلی بار آیا۔
اس عہدیدارسے نہ صرف روڈی شیٹرس بلکہ راتوں میں سڑکوں پر گھومنے پھرنے والے بھی بے حدپریشان رہتے تھے۔
خاص کر رات دیر گئے تک ہوٹلیں اورپان شاپس کھلی رکھنے والے انسپکٹرسے خائف رہتے تھے۔یہ انسپکٹر کوئی اورنہیں بلکہ شیوچندرا ہیں۔
ساؤتھ زون کے سنتوش نگرپولیس اسٹیشن پر تعینات ہونے سے قبل وہ حبیب نگر اوربنجارہ ہلز پولیس اسٹیشنس میں بھی فرائض انجام دے چکے تھے۔
حبیب نگر اوربنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن پر تعیناتی کے دوران انہوں نے وہاں کے روڈی شیٹرس کو پابندکردیاتھا۔ ان کے کام کاطریقہ کاریہ تھاکہ وہ سب سے پہلے روڈی شیٹرس کوطلب کرتے اوران کی کونسلنگ کرتے تھے اوران روڈی شیٹرس کوامن سے رہنے کی ہدایت دیتے تھے۔
وہ‘ راتوں میں روڈی شیٹرس کی خیریت معلوم کرتے۔ نصف شب کے بعد کانسٹبلس کوروڈی شیٹرس کے گھروں کوبھیج کر یہ پتہ لگانے کی کوشش کرتے آیا متعلقہ روڈی شیٹرگھرپرہے یا نہیں۔وہ‘ اپنے حدودمیں پٹرولنگ میں شدت پیدا کردیتے۔
بتایاجاتا ہے کہ جب سے وہ سنتوش نگرعلاقہ میں تعینات ہوئے ہیں تب سے سنتوش نگر علاقہ کے عوام سکون میں ہیں۔ انسپکٹرشیوچندرا کی دہشت اتنی ہے کہ غیرسماجی عناصر بھی پولیس جوانوں سے یہ معلوم کرتے ہیں کہ انسپکٹر شیوچندرا کی آج رات ڈیوٹی تونہیں ہے؟۔
انسپکٹر شیوچندرا فرض شناس عہدیدارکی حیثیت سے مقبول ہیں۔ اوروہ دوسرے انسپکٹرس کیلئے بھی ایک مثال ہیں۔ شہرمیں کئی انسپکٹران ڈیوٹی پر مامور ہیں لیکن ان میں شیوچندرا جیسی بات نہیں ہے۔ شیوچندرا نے یہ اعلان کیاہے کہ کبھی بھی کسی بھی قسم کی ہراسانی پر وہ بلاخوف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواسکتے ہیں۔
ان کاکہنا ہے کہ گھریلومسائل میں بھی پولیس کی مدد لی جاسکتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ساؤتھ زون میں آئے دن قتل، اقدام قتل کی وارداتیں اوردیگرجرائم کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ ایسے میں سنتوش نگرانسپکٹر شیوچندرا کی سختی، غنڈہ عناصر کے خلاف کاروائی قابل ستائش ہے۔
یہاں یہ کہنا غلط نہ ہوگاکہ باقی شہر کے انسپکٹران کوبھی شیوچندرا کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔ سٹی کمشنرپولیس سی وی آنند کوبھی چاہئے کہ وہ دیگر پولیس عہدیداروں کوہدایت دیں کہ روڈی شیٹرس کی کونسلنگ کریں اورامن کوبرقراررکھنے میں تعاون کریں۔