سڈنی: بارڈر۔گواسکر ٹرافی میں آسٹریلیا کے خلاف 1-3 سے شکست کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کھیلنے پر زور دیاہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں ریڈ بال فارمیٹ میں کھیلیں تاکہ وہ ٹسٹ ٹیم کیلئے اپنا دعویٰ مضبوط کرسکیں۔ ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹسٹ میں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس سے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کی اس کی امیدوں پر پانی پھرگیا۔
گمبھیر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب سینئر کھلاڑی رانجی ٹرافی میں نہیں کھیل رہے ہیں۔ رانجی ٹرافی کا آئندہ راؤنڈ اس ماہ سے شروع ہوگا اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کچھ عرصہ سے خراب فارم میں چلے آرہے ہندوستانی کپتان روہت شرما اور اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی اس کا حصہ بنیں گے یا نہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران روہت اور کوہلی کی فارم نے کافی مایوس کیا۔ جہاں کوہلی نے اس دورے میں سنچری بنائی، وہیں روہت کا بیاٹ بھی مکمل طورپر فلاپ رہا۔ اس کی وجہ سے روہت اور کوہلی کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ گمبھیر نے بھی اس بارے میں اپنی رائے ظاہر کی اور کہاکہ وہ ٹسٹ میں اپنے مستقبل کا فیصلہ صرف روہت اور کوہلی پر چھوڑتے ہیں۔
گمبھیر نے کہاکہ یہ دونوں کھلاڑی ٹیم کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔ گمبھیر نے کہاکہ وہ ایک پرعزم شخص ہے جس میں بہترین کارکردگی کی خواہش ہے۔ وہ فیصلہ کریں گے کہ ہندوستانی کرکٹ کیلئے کیا بہتر ہے۔ میں کسی کھلاڑی کے مستقبل کے بارے میں بات نہیں کرسکتا۔ یہ صرف ان دونوں پر منحصر ہے۔ گمبھیر نے مزید کہاکہ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ انہیں ابھی بھی بھوک ہے اور اس میں جذبہ ہے۔
روہت شرما نے اعلیٰ سطح پر احتساب کا مظاہرہ کیاہے۔ ہندوستانی کپتان روہت کو سڈنی ٹسٹ سے باہر رکھا گیا جس سے ان کے ٹسٹ مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تاہم روہت نے واضح کیا تھاکہ پانچویں ٹسٹ سے باہر رہنے کا ان کی ریٹائرمنٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے ٹسٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی مکمل تردید کی تھی۔