اپوزیشن لیڈران پر قابل اعتراض بیان دینے والے بی جے پی لیڈر رمیش بدھوڑی ایک بار پھر تنقید کے زد میں ہیں۔ اس دفعہ انہوں نے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض بیان دیا ہے۔ اس کے بعد سے ہی بدھوڑی کو چوطرفہ مذمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دریں اثنا اس قابل اعتراض بیان پر آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد کا بھی رد عمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت گھٹیا تبصرہ ہے۔ جس رکن پارلیمنٹ نے یہ تبصرہ کیا ہے اس سے قبل بھی انہوں نے اس طرح کی بات کی ہے۔ یہ سیاست کی گرتی ہوئی سطح ہے۔ سیاست میں ایسی بیان بازی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ایسے تبصروں سے خواتین خوش نہیں ہوتی ہیں۔ اس طرح کے تبصرے پر ان کو جوتا مارا جانا چاہیے۔ بی جے پی کو ایسے تبصرہ پر ان سے جواب طلب کرنی چاہیے۔‘‘