حیدرآباد: تلنگانہ کے ایک شخص نے ایک منٹ میں اپنی زبان سے 57 برقی پنکھوں (فیانس) کی پتیوں (بلیڈس) کو روکتے ہوئے ایک عجیب وغریب کارنامہ انجام دیا۔ اس طرح انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنی جگہ بنالی۔ دم بخود کرنے والے اسٹنٹ (کرتب) کا مظاہرہ کرنے والے سوریا پیٹ کے کرانتی کمار پنیکھیڑا کو پیار سے لوگ ”ڈرل مین“ کہتے ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈس نے پنیکھیڑا کا ایک کلپ انسٹا گرام پر شیئر کیا اور تحریر کیا کہ ”کرانتی کمار پنیکھیڑا نے ایک منٹ میں اپنی زبان سے 57 برقی پنکھوں کے بلیڈس کو روک کر حیرت انگیز کارنامہ کردکھایا ہے۔ یہ حیرت انگیز کارنامہ ڈرل مین ہی انجام دے سکتے ہیں۔
ویڈیو میں ڈرل مین کو لمبے زلف اور کلرفل شرٹ میں دکھایا گیا۔ انہیں‘ کئی برقی پنکھوں کے سامنے کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد پنیکھیڑا اپنی زبان کو تیز رفتاری سے گھومنے والے پنکھوں کے بلیڈس کو سرعت کے ساتھ روکنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔ ان کے اس کرتب پر سامعین‘ انہیں خوب داد دیتے ہیں۔
ڈرل مین کا یہ ویڈیو خوب وائرل ہوگیا۔ تقریباً 60 ملین بار اس ویڈیو کو دیکھا گیا۔ اس کرتب پر سوشل میڈیا پر ردِعمل کی ایک لہر آگئی۔ کئی صارفین نے پنیکھیڑا کے اس اسٹنٹ کی خوب تعریف کی۔ کئی صارفین نے سیفٹی اور اس ریکارڈ کے مقصد پر سوال اٹھائے۔ ایک صارف نے تحریر کیا کہ خطرناک اسٹنٹ قابل حیرت ہے مگر اس میں ان کی زبان کیوں نہیں کٹی۔ ردِعمل میں پنیکھیڑا نے انسٹاگرام پر اپنا پیام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک چھوٹے گاؤں سے آتے ہیں جہاں بڑے خواب دیکھنا بھی بڑا ہوتا ہے۔
آج میں نے چار گنیز ورلڈ ریکارڈز قائم کئے ہیں جس پر مجھے یقین نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے بہت بے حد مشکور و ممنون ہیں جس نے میرے فن کو تسلیم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ذاتی سنگ میل ہے بلکہ اس میں سخت محنت اور لگن بھی شامل ہے میں نے یہ کامیابی برسوں محنت سے حاصل کی ہے۔