مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بلوچستان کے شہر تربت کے علاقے ڈھنگ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ادارے جائے وقوع پہنچ گئے اور زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ایس ایس پی ذوہیب محسن فیملی کے ہمراہ دھماکے کے وقت وہاں سے گزر رہے تھے، ایس ایس پی اور کے اہل خانہ کے 6 افراد بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تربت میں بس میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے افراد کے لیے درجات کی بلندی کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیر اعظم نے دھماکے میں زخمی ہونے والی کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو پاکستان سے ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس اور دکھ ہوا، معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔