سنکرانتی سے نئے راشن کارڈز کی اجرائی، کابینہ اجلاس کے بعد چیف منسٹر کا اعلان (تفصیلی خبر)

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی عوامی حکومت نے تلنگانہ کے کسانوں کو نئے سال کی مبارکباد دینے اور زراعت کو ایک تہوار بنانے کے لئے رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل کرنے کا اہم فیصلہ لیا ہے۔

آج سکریٹریٹ میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے واقف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو زرعی زمینوں کے مالک ہونے کسی شرط کے بغیر ہر ایکڑ کے لئے رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل کرنے کا تاریخی فیصلہ لیا ہے انہوں نے کہا ہماری حکومت نے موجودہ 10 ہزار روپے کے کسان انشورنس کو بڑھا کر 12 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہم نے ذاتی زمین نہ ہونے کے باوجود زرعی مزدور کے خاندانوں کو سالانہ 12 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اس اسکیم کو ”اندرماں اتمیا بھروسہ اسکیم“ کا نام دے رہے ہیں۔ ہم نے کابینہ میں فیصلہ کیا ہے کہ جن کے پاس راشن کارڈ نہیں ہیں‘ انہیں نئے راشن کارڈ دیئے جائیں گے۔ اور ان اسکیموں کا آغاز 26 جنوری سے کیا جایگا۔ چیف منسٹر نے کہا ہماری حکومت نے ان اسکیموں کو آئین کے نفاذ کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ رعیتو بھروسہ اسکیم کو غیر زرعی زمینوں (کان کنی، پہاڑیوں، ٹیلے، رئیل اسٹیٹ وینچرز، سڑکیں، رہائشی علاقوں، صنعتی علاقوں، تجارتی زمینیں، نالہ تبدیل شدہ زمینیں، مختلف منصوبوں کے لئے حکومت کی طرف سے حاصل کی گئی زمینوں) پر لاگو نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا عوامی حکومت کا مقصد سرکار ی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے ضرورتمند عوام میں فلاحی اسکیموں کی شکل میں تقسیم کرنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کابینہ اجلاس میں رعیتو بھروسہ کے لئے قواعد (رہنمایانہ خطوط) کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی اور کاسٹ سروے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف منسٹر نے اپنے کابینی رفقا کے ساتھ بے زمین غریب افراد میں وظیفہ اور باریک چاول کی تقسیم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ سیاحت، کلین اینڈ گرین پالیسی، آبپاشی کمیونٹیز کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال کئے جانے کی اطلاع ہے۔ کابینہ نے فروری سے رہائشی اسکولس کے ہاسٹلس میں باریک چاول کی فراہمی پر بھی غور کیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ کابینہ نے نئی سیاحتی پالیسی کو بھی منظوری دی ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا کہ سنکرانتی سے نئے راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ رعیتو بھروسہ کے لئیے کوئی پابندی نہیں رہے گی اور واضح کیا گیا کہ رعیتو بھروسہ کو سنکرانتی کے تحفہ کے طور پر لاگو کیا جایگا۔ بتایا گیا ہے کہ کہ پنچایت راج میں 508 تقررات رحم کا مسلہ اور نئے گرام پنچایتوں کے قیام پر بھی غورکیا گیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *