اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کےضلع لکی مروت کے علاقے کرم پار میں دہشت گردوں نے کرک سے مسافر کوچ میں سفر کرنے والے 2 فوجیوں کو اغوا کرلیا، جب کہ بنوں میں فائرنگ سے پولیس اہلکار کی موت ہوگئی۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک فوجی اپنے اغوا کاروں سے فرار ہونے میں کامیاب رہا، جب کہ دوسرے کو اغوا کاروں کی جانب سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد نے کرک اور میانوالی اضلاع کی سرحد سے متصل دادی والا تھانے کی حدود میں واقع وانڈا گلپہ کے علاقے کے قریب ایک دیہی سڑک بند کر دی تھی، اور گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے، شاہ سلیم نامی علاقے اور ضلع کرک کے دیگر حصوں کے رہائشی میانوالی اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں جانے کے لیے لکی مروت کی دیہی سڑکیں استعمال کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی مسافر کوچ میں کرک سے میانوالی جارہے تھے، دہشت گردوں نے انہیں گاڑی سے اتارا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر رہے تھے، جب ایک فوجی ان کے چنگل سے فرار ہو گیا۔
دوسری جانب بنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار کی موت ہوگئی۔