جدہ ایئرپورٹ کا نیا ریکارڈ۔ایک سال میں مسافروں کی تعداد 94 ملین سے زیادہ

ریاض ۔ کے این واصف 

 سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 2024 میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا۔ مملکت کے ایئرپورٹس میں سب سے زیادہ 94.1 ملین مسافروں کو خدمات فراہم کیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسافروں کی یہ تعداد گزشتہ برس 2023 کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔

 

جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مجموعی طور پر پروازوں کی تعداد دو لاکھ 78 ہزار سے تجاورز کرگئی، 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 47.1 ملین لیگج کو ہینڈل کیا جس میں 21 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔جدہ ایئرپورٹ پر مصروف ترین دن 31 دسمبر2024 کو ریکارڈ کیا گیا۔ ایک لاکھ 74 ہزار 600 مسافروں کو سروس فراہم کی گئی۔ اسی طرح دسمبر ایئرپورٹ کا مصروف ترین مہینہ رہا، اس دوران مسافروں کی تعداد 4.7 ملین سے تجاوز کرگئی۔

 

جدہ ایئرپورٹس کے سی ای او مازن جوھر کا کہنا ہے یہ کامیابی سعودی قیادت کی سپورٹ اور وزارت ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی نگرانی سے ممکن ہوسکی ہے۔جوھر نے مزید کہا کہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انفرا سٹرکچر کی ترقی کے لیے جاری کوششوں کو بھی اجاگر کرتے ہوئے ایئرپورٹ کو عالمی سیاحتی مرکز بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔مملکت کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کا مقصد 2030 تک 150 ملین سیاحوں کو راغب کرنا اور جی ڈی پی میں سیاحتی شعبے کا حصہ 6 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کرنا ہے۔

 

یاد رہے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بھی 2024 میں سالانہ مسافروں کی تعداد کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔گزشتہ سال کے آخر تک مسافروں کی کل تعداد 37 ملین جبکہ پروازوں کی کل تعداد دو لاکھ 69 ہزارتک پہنچ گئی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *