ورنگل ۔ ریاست تلنگانہ کے ورنگل اور محبوب آباد اضلاع میں شیر کی موجودگی کی اطلاع سے مقامی افراد میں خوف کی لہر پائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگوں کو حکام نے چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ورنگل ضلع کے نرسم پیٹ ایف آر او روی کرن کی قیادت میں حکام کی ایک ٹیم نے نلابیلی منڈل کے کونڈاپورم اور ردراگوڑم گاؤں کے کھیتوں میں جمعہ کے دن شیر کے قدموں کے نشانات نظر آئے۔
رودراگوڑم گاؤں کے ایک کسان منکیا نے صبح اپنے مرچ کے کھیت میں کیڑے مار دوا کا اسپرے کرتے ہوئے شیر کے قدموں کے نشانات دیکھے۔ اس پر گاؤں والوں نے محکمہ جنگلات کے حکام کو اطلاع دی۔ قدموں کے نشانات کی بنیاد پر یہ معلوم ہوا کہ ردراگوڑم کے طرف آیا ہوا شیر دس سال کا نر ہے۔
اسی طرح محکمہ جنگلات کے حکام نے جمعہ کے دن اعلان کیا کہ ملگو ضلع کے تاڈوائی جنگل سے شیر محبوب آباد ضلع کے کتہ گوڑ منڈل کے کوناپورم جنگل میں داخل ہوا ہے۔ قدموں کے نشانات کی بنیاد پر کوتہ گوڑا ایف آر او وجاہت نے بتایا کہ یہ ایک نر شیر ہے۔ حکام نے بتایا کہ کھیتوں سے کوناپورم کے قریبی جنگل کی طرف شیر چلا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کوناپورم جنگل سے اوٹائی، رامپور اور کرن گنڈی جنگل کی طرف شیر کے جانے کا امکان ہے، اسی لیے مختلف جگہوں پر سی سی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے حکام کا ماننا ہے کہ مناسب رہائش کی تلاش میں شیر میدانی علاقہ یعنی ردراگوڑم کے قریب پہنچا ہوگا۔