حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کاسو برہمانند ریڈی (کے بی آر) پارک کے اطراف6اسٹیل بریجس، 6زیر زمین راستوں اور6 جنکشن کے تعمیرکی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔1090 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے اس وسیع پروجیکٹ کے ٹنڈر آئندہ ہفتہ جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ ان6 بریجس کی تعمیر کا مقصد کے بی آر پارک کے اطراف ٹرافک کے مسئلہ کو حل کرنا ہے۔
اس کیلئے کے بی آر پارک سے ورانچی ہاسپٹل تک 6.5 کیلو میٹر تک سڑک کی توسیع کی جائے گی جو روڈ نمبر12سے شروع ہو کر براہ اومیگا ہاسپٹل، فلم اداکار بالا کرشنا کے مکان سے جوبلی ہلز چیک پوسٹ تک توسیع ہوگی۔ اور ورانچی ہاسپٹل سے بی آ رایس کے تلنگانہ بھون تک سڑک کو100فٹ چوڑا کیا جائے گا۔
جبکہ چیک پوسٹ تک 150 فٹ توسیع کی جائے گی، تاکہ میٹرو ریل لائن کو کوئی مسئلہ پیدا نہ ہوسکے۔ سڑک کی توسیع کیلئے حصول اراضی قانون کے تحت303 جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پہلے مرحلہ میں 97 جائیدادوں کو نوٹس جاری کی جائے گی۔
پہلے مرحلہ میں کے بی آر پارک تا جوبلی ہلز چیک پوسٹ چوراہا تک مجموعی 580 کروڑ کی لاگت سے سڑک توسیع کی جائے گی دوسرے مرحلے میں جو بلی ہلز روڈ نمبر45 فلم نگر، اگرسین وکینسر ہاسپٹل جنکشن تک مجموعی لاگت510کروڑ روپے ہوگی۔
بتایا گیا ہے کہ جی ایچ ایم سی کا انجینئرنگ شعبہ آئندہ ہفتہ ٹنڈر کی اجرائی کی تیاری کررہا ہے اور اندرون15 یوم ٹنڈر کو قطعیت دی جائے گی۔ کے بی آر پارک کے اطراف مذکورہ6 بریجس اور زیر زمین راستوں کی تعمیر اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام (ایس آر ڈی پی) کے تحت انجام دی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پروجیکٹ سابق بی آر ایس حکومت نے تجویز کیا تھا، چونکہ 6 فلائی اوورس، زیر زمین راستوں اور سڑکوں کی توسیع میں ہزاروں درختوں کو کاٹنا پڑے گا اس کیلئے وہ نیشنل گرین ٹریبونل سے منظوری کیلئے رجوع ہوئے تھے۔
تاہم یہ فیصلہ کیا گیا کہ کے بی آر پارک کے درختوں کی کٹائی کے بغیر حصول جائیدادوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس دوران حصول جائیداد پروگرام کے تحت جن اہم شخصیتوں کے مکانات زد میں آئیں گے ان میں سابق وزیر کے جانا ریڈی، فلم ہیرو الوارجن اور ان کے قریبی رشتہ دار کے چندر شیکھر ریڈی، فلم اداکار چرنجیوی کا سابقہ مکان جو اپولو چوراہے پر واقع ہے اور فلم اداکار بالاکرشنا کا روڈ نمبر45 پر واقع مکان بھیشامل ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ورانچی ہاسپٹل تا تلنگانہ بھون چوراہا تک موجود ہ سڑک 50 تا60 فٹ چوڑی ہے جس کو100 فٹ تک چوڑا کیا جائے گا جبکہ جوبلی ہلز چیک پوسٹ تک سڑک کی چوڑائی 80 تا100 فٹ ہے جس کو120 فٹ چوڑا کیا جانا ہے۔ سڑک کی توسیع میں جن لوگوں کی اراضی زد میں آرہی ہے انہوں نے اس کیلئے مثبت ردعمل ظاہر کردیا ہے لیکن جن کی تعمیر شدہ عمارتیں ہیں وہ لوگ حصول جائیداد کیلئے تیار نہیں ہیں۔
اس کے لئے کم از کم 6ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ابتداء میں 6اسٹیل بریجس کی تعمیر کیلئے826 کروڑ کا تخمینہ کیا گیا تھا۔ بعد میں قیمتوں میں 31فیصد اضافہ کی وجہ سے اس کی مجموعی لاگت بڑھ کر1090 کروڑ تک پہنچ گئی۔