[]
مہر خبررساں ایجنسی نے رشیا ٹوڈے کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام میں تحریر الشام دہشت گرد گروہ کے سرغنہ احمد الشعرا عرف الجولانی نے امریکی حمایت یافتہ شامی کرد ڈیموکریٹک فورسز کو خبردار کیا ہے۔
انہوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ صرف دو آپشن ہیں؛ پسپائی یا پھر فوجی آپریشن، جس کے بعد تم میں سے کوئی نہیں بچے گا۔
قبل ازیں ایس ڈی ایف فورسز کے کمانڈر مظلوم عبدی نے اعلان کیا تھا کہ یہ فورسز امریکی افواج کی نگرانی میں کوبانی میں ہتھیاروں سے پاک زون بنانے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ شمالی شام کے علاقوں کا کنٹرول امریکی حمایت یافتہ کرد فورسز کے ہاتھ میں ہے۔
دریں اثنا، ترکی نے شام میں کردوں کے ٹھکانوں پر حملے شروع کیے ہیں۔
واضح رہے کہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں ایک طرف دہشت گردوں کے درمیان مسلح تصادم جاری ہے جب کہ دوسری طرف صیہونی رجیم اور ترکی کے حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔