نئے سال کا جشن: حیدرآباد میں شراب نوشی اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف پولیس کی کاروائی
حیدرآباد ۔ نئے سال کے آغاز کے موقع پر جہاں دنیا بھر میں خوشی اور جوش و خروش کا ماحول تھا، وہیں حیدرآباد میں ٹریفک پولیس نے جشن کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی مستعدی کا مظاہرہ کیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں حالتِ نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی گئی، جس کے دوران کئی افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کی گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔
اس مہم کے دوران متعدد افراد نے پولیس سے بحث و تکرار کرتے ہوئے اپنی غلطیوں کو چھپانے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ کچھ نوجوانوں نے نئے سال کے جشن کا حصہ سمجھتے ہوئے سڑکوں پر خطرناک کرتب بازی کا مظاہرہ کیا اور اس کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ان ویڈیوز نے عوام میں غم و غصہ کی لہر پیداکردی اور صارفین نے ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان نوجوانوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اپنی زندگیوں بلکہ دیگر شہریوں کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ کئی لوگوں نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔
ٹریفک پولیس نے اپنی کارروائیوں کے ذریعہ یہ پیغام دیا کہ جشن ضرور منایا جائے لیکن قانون کی پاسداری اور دوسروں کی زندگیوں کا احترام کرتے ہوئے۔ نئے سال کا آغاز خوشی کے ساتھ محفوظ اور ذمہ دارانہ رویہ کے ساتھ کرنے کا مشورہ دیا گیا تاکہ یہ جشن خوشیوں کے ساتھ یادگار بن سکے نہ کہ حادثات کے ساتھ۔