[]
مدینہ منورہ: سعودی عرب کے وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ رواں سال مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں زائرین کی تعداد 15 ملین تک پہنچنے کی اُمید ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نسک ایپلی کیشن کی تیاری نے زائرین کی خدمات کو بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نسک ایپلی کیشن کے ذریعے خدمات میں ایک معیاری تبدیلی ہوئی ہے، خاص طور پر روضہ شریفہ کے لیے اجازت نامے کا اجرا جس سے زائرین کی تعداد مزید بڑھ گئی ہے اور یہ ضیوف الرحمن کو متعدد خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حج سیزن کے اختتام سے قبل ہی نئے سیزن کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا جاتا ہے۔اس سے قبل سعودی عرب میں ادارہ حرمین کے امور کی نگراں کمیٹی نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والی خواتین زائرین کے لیے 9 ہدایات جاری کی ہیں۔
ہدایات میں مسجد نبویؐ آنے والی زائر خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے‘مہمان خواتین، امید ہے آپ مسجد الحرام آمد پر اداب کا خیال رکھیں گی، انتظامیہ کی جانب سے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر سختی سے عمل کریں۔ہدایات کے مطابق مسجد نبوی ؐ آتے وقت شرعی حجاب کی پابندی کریں، مسجد میں سونے اور لیٹنے سے اجتناب برتیں، جماعت کے دوران صف بندی کا خیال کریں، یہاں موجود کارکن خواتین سے تعاون کریں۔
انتظامیہ نے مسجد نبویؐ میں صفائی رکھنے اور وہاں کھانا کھانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے، اس کے علاوہ بلند آواز میں باتیں سے منع کیا گیا ہے، قالیون پر جوتوں کے ساتھ چلنے سے گریز کرنے اور اور اپنی اشیا کو ساتھ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
واضح رہے بعض زائرخواتین مسجد نبویؐ میں آتے وقت حجاب نہیں کرتیں جبکہ کچھ خواتین مسجد میں عبادت کے بجائے زیادہ وقت باتوں میں مصروف رہتی ہیں، جس سے وہاں موجود دوسری خواتین کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ یہ عمل مسجد نبویؐ کے آداب کے بھی منافی ہے۔