[]
ایڈیلیڈ: پیٹ کمنز کی شاندار گیندبازی اور ٹریوس ہیڈ کی 140 رنز کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہندوستان کو دوسری اننگز میں 175 رنز پر سمیٹنے کے بعد 3.2 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 19 رنز کا ہدف حاصل کر کے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز کو 1-1 سے برابر کر لیا۔ ٹریوس ہیڈ کو ان کی شاندار سنچری کے لیے “پلیئر آف دی میچ” قرار دیا گیا۔
آج، ہندوستان نے کل کے اسکور 128 رنز پر پانچ وکٹوں سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ صبح کے سیشن میں، مچل اسٹارک نے 128 کے اسکور پر رشبھ پنت (28) کو آؤٹ کر کےہندوستان کو چھٹا دھچکہ دیا۔ پیٹ کمنز نے روی اشون (7) کو وکٹ کیپر کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
ہرشیت رانا (صفر) اور محمد سراج (7) بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔ نیتیش کمار ریڈی نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی سب سے زیادہ 42 رنز بنائے۔ انہیں پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔ ٹیم انڈیا کےبلے باز آسٹریلیا کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکے، اور ہندوستان کی دوسری اننگز 36.5 اوورز میں 175 رنز پر ختم ہو گئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے پیٹ کمنز نے 5 وکٹیں حاصل کیں، اسکاٹ بولینڈ نے 3 اور مچل اسٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بعد میں، آسٹریلیا نے 19 رنز کے ہدف کو 3.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ نیتھن میک سوینی (10) اور عثمان خواجہ (9) ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے پہلے ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 180 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی شاندار 140 رنز کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 337 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا تھا۔