[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ نیٹو کے نئے سیکرٹری جنرل کا آنے والی امریکی انتظامیہ کے لئے عسکری ایجنڈا ترتیب دینے پر اصرار عالمن امن کے لئے خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو کے نئے سربراہ کا ایجنڈا عالمی سیاست میں تناو پیدا کر کے مزید عسکریت پسندی کو ہوا دینا ہے جو کہ عالمی امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔
ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ نیٹو کے بعض ارکان کی جابرانہ پالیسیاں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کا باعث بنی ہیں جس نے یورپ سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔
بقائی نے کہا کہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل کو پوری دنیا میں بڑھتی ہوئی نا امنی کا جوابدہ ہونا چاہیے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ ردعمل نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔
نیٹو کے نئے سربراہ نے فنانشل ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اگر یوکرین پر روس کے ساتھ امن معاہدے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تو چین، ایران اور شمالی کوریا سے “سنگین خطرہ” پیدا ہو گا۔