[]
حیدرآباد: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن اور معروف اسلامی اسکالر مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ 22 اپریل کووزیراعظم مودی نے جوتبصرہ کیا ہے وہ انتہائی متنازعہ وناگوارتھا جبکہ اس طرح کا بیان خودہندوستان کے وزیر اعظم نے دیا ہے۔
عصرحاضر نیوز کی اطلاع کے بموجب ہمارے وزیر اعظم نریندرمودی کی طرف سے استعمال کی گئی نفرت انگیز زبان سے ہر ایک ہندوستانی شرمندہ ہے۔ مودی نے ایسے الفاظ استعمال کئے ہیں جو ہندوستان جیسے متحرک جمہوری ملک کے وزیر اعظم کے عہدہ کے لئے بالکل ناگوارہیں۔
معروف عالم دین سجاد نعمانی نے مزید کہاکہ تاہم ہم اس بات پر شکرگزار بھی ہیں کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر ایک ووٹر سے بلالحاظ مذہب و ذات پات وجنس مخلصانہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا ووٹ ضرورڈالیں اوراس طرح کے نفرت انگیز تبصروں کا مناسب جواب دیں۔
ہر ووٹر یہ پیغام دے کہ ہندوستان محبت سے ترقی کرے گا نہ کہ تفرقہ سے۔انہوں نے کہاکہ مودی ہمیشہ کی طرح مسلمانوں کوبلی کا بکرابناکر اہم مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کا کام کررہے ہیں۔
مولانا سجادنعمانی نے خاص طورپر ملک کی خواتین سے اپیل کی کہ وہ اس نفرت انگیزی کا جواب دیں اوراپنے ملک کوحقیقی ترقی یافتہ بنانے کے لئے بڑھ چڑھ کر اپنے حق رائے دہی کااستعمال کرے۔