[]
جدہ: عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا ایک مداح اپنے ہیرو سے ملاقات لیے اتنا بے قرار ہوا کہ اس نے ملنے کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کیا۔
دنیا بھر میں کھلاڑیوں، فنکاروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کے مداح ہوتے ہیں جو اپنی پسندیدہ شخصیت کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بعض اوقات انوکھے طریقے اختیار کرتے ہیں جیساکہ رونالڈو کے ایک ہندوستانی مداح نے اختیار کیا۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو جو سعودی فٹبال کلب سے وابستگی کے باعث گزشتہ سال سے مملکت میں سکونت پذیر ہیں۔
ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں جو ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے چین رہتے ہیں مگر ایک ہندوستانی نوجوان سیوان کے پی نے اس کیلئے انوکھا راستہ اختیار کیا۔ رپورٹ کے مطابق رونالڈو کے مداح سیوان نے اپنے پسندیدہ فٹبالر سے ملاقات کیلئے دبئی سے ریاض تک 1200 کلومیٹر کا طویل فاصلہ پیدل طے کیا۔
نوجوان اس امید کے ساتھ کہ سعودی فٹبال کلب النصر کی قیادت کرنے والے اس کے پسندیدہ ہیرو سے ملاقات کا موقع مل جائے دبئی سے ریاض تک کا فاصلہ بنجر اور بیابان راستوں سے گزرتے ہوئے 36 دن میں طے کیا۔ ہندوستانی شہری جب سعودی دارالحکومت ریاض پہنچا تو الاول پارک جہاں النصر سرکاری سطح پر کھیلتی ہے وہاں پہنچ کر اس کی خوشی دیدنی تھی۔
اس نے کہاکہ میں دبئی سے پیدل چل کر آیا ہوں اور یہ سارا راستہ صرف اس لیے طے کیاکہ دنیا کے بہترین کھلاڑی کیلئے عزت اور اپنی محبت کا اظہار کرسکوں۔ سیوِان کے پی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بالآخر میں الاول پارک کے سامنے موجود ہوں جہاں النصر سرکاری سطح پر کھیلتی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ رونالڈو سے مل سکوں۔
کیرالا سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے اسٹیدیم میں کھینچی ہوئی اپنی تصویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس کے کیپشن میں لکھاکہ غیرمتوقع لمحہ ہمیشہ زیادہ میٹھا ہوتا ہے اور مزید کیلئے پرامید ہوں۔
سیوان کے پی کو جمعہ کے روز النصر اور الفیحا کے درمیان ہونے والا میچ اسٹیڈیم میں جاکر دیکھنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے ان کے ہیرو گیم کا حصہ نہیں تھے۔
نوجوان نے اپنی خواہش کا ظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر پرتگالی فٹبال اسٹار کا آٹو گراف اور ان کے ساتھ تصویر کھچوانے کا موقع مل جائے تو یہ ان کی زندگی کا بہترین لمحہ ہوگا اور میری خدا سے دعا ہے کہ وہ میرا یہ خواب پورا کرے اور میں رونالڈو سے ملوں۔ اگر ایسا ہوگیا تو اس لمحے کی پوری زندگی قدر کروں گا۔