[]
اگرتلہ: تریپورہ میں ایک25 سالہ شخص کوبنگلہ دیش میں غیرقانونی طورپرداخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیاگیا۔ عہدیداروں نے آج یہاں یہ بات بتائی۔
انہوں نے کہاکہ یہ شخص پاکستانی نژاد بنگلہ دیشی شہری ہونے کا دعویٰ کررہاہے جس نے پورے ہندوستان کا سفر کیاہے۔ عہدیداروں نے بتایاکہ جنوبی تریپورہ میں جالیفاکے قریب سرحدی علاقہ کے دیہاتیوں نے ایان عالم نامی اس نوجوان کوپکڑلیا اور بعدازاں اسے پولیس کے حوالے کردیاگیا۔
عالم کے قبضہ سے ایک موبائیل فون، چند ہزار روپے، چند ہندوستانی دستاویزات بشمول آدھارکارڈ برآمدکئے گئے۔ ان دستاویزات کامعائنہ کیاجارہاہے تاکہ اس کے اقبالی بیان کی سچائی اورپاکستان سے تعلق کی توثیق کی جاسکے۔ ایک عہدیدار نے میڈیاکویہ بات بتائی۔
انہوں نے کہاکہ تفتیش کے دوران زیرحراست نوجوان نے بتایاکہ وہ پاکستانی نژاد بنگلہ دیشی شہری ہے۔پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلاکہ اس کاتعلق بنگلہ دیش کے ضلع برہمن باڑیہ کے مریم پورگاؤں سے ہے۔ اس نے یہ اعتراف کیاکہ اس کے والدین25 سال پہلے بنگلہ دیش سے پاکستان منتقل ہوگئے تھے اوروہ پاکستان میں پیدا ہوا۔ عہدیدارنے بتایاکہ پاکستانی حکام نے جائز دستاویزات نہ ہونے پراس کے خاندان کے خلاف کاروائی کی تھی۔ایان کاباپ2011میں اس کے ساتھ بنگلہ دیش واپس ہوگیاتھا۔ بہرحال اس کی ماں،چار بھائی اورچاربہنیں پاکستان میں ہی مقیم رہے۔ عہدیدار نے بتایاکہ ایان نے پوچھ تاچھ کے دوران اس بات کا بھی اعتراف کیاکہ وہ2014میں بنگلہ دیش سے غیرقانونی طورپر ہندوستانی علاقہ میں داخل ہواتھا اور پھرکیرالا منتقل ہوگیاتھا جہاں اس نے دو سال تک ایک کمپنی کیلئے کام کیا۔ بعدازاں وہ دہلی منتقل ہوگیاتھا۔ نوجوان نے دعویٰ کیاکہ حال ہی میں وہ کشمیرگیاتھا اورپاکستان میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی تھی۔بعدازاں وہ قومی دارالحکومت واپس ہوگیاتھاجہاں 15مارچ کودہلی پولیس کی اسپیشل برانچ نے اسے حراست میں لے لیاتھا۔ اس نے پولیس کوبتایاکہ کئی ہفتوں تک پوچھ تاچھ کرنے کے بعد اسے ٹرین کے ذریعہ اگرتلہ بھیج دیاگیا اوروہ18۔ اپریل کوتریپورہ پہونچا۔ مقامی پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف ایک کیس درج کرلیاگیاہے۔پولیس عہدیدار نے بتایاکہ عالم ایک بنگلہ دیشی شہری ہے اوراس کی ماں جوپاکستان میں ہے،اس کے ساتھ تعلق رکھنے والی واحد پاکستانی خاتون ہے۔ لوک سبھاانتخابات کے پیش نظرہند۔ بنگلہ دیش سرحدپر بھاری سیکیوریٹی کے باوجود ہندوستانی علاقہ میں عالم کی موجودگی اورکسی غیرقانونی تنظیم کے ساتھ اس کے مبینہ تعلق کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔