وزیر ٹرانسپورٹ و بہبود پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے اعلان کیا کہ نئے راشن کارڈز کے لئے 16 سے 20 جنوری کے دوران فیلڈ سطح پر استفادہ کنندگان کی شناخت اور ان کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد، 26 جنوری سے نئے راشن کارڈز کے اجرا کا عمل شروع کیا جائے گا۔
حیدرآباد میں اتوار کے روز عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ شناخت شدہ استفادہ کنندگان کا ڈیٹا 21 جنوری سے رجسٹریشن کے لیے درج کیا جائے گا اور اس کے بعد نئے راشن کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ نئے راشن کارڈز جاری کرنے کے لیے سابق میں بنائے گئے قواعد و ضوابط کو ہی مدنظر رکھا جائے گا تاکہ مستحق افراد کو ان کے حقوق سے محروم نہ کیا جائے۔
وزیر پونم پربھاکر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ خاندان، جو اضلاع سے نقل مکانی کر کے حیدرآباد منتقل ہوچکے ہیں، ان کو بھی راشن کارڈز جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ بھی حکومتی سہولتوں سے استفادہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ کوئی بھی مستحق خاندان راشن کارڈ سے محروم نہ رہے اور فیلڈ سطح پر جاری شناختی عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا۔
مزید یہ کہ حکومتی اقدامات کا مقصد مستحقین کو غذائی تحفظ فراہم کرنا اور راشن کارڈز کے اجرا کو عوام کے لیے آسان اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔