حیدرآباد: حیدرآباد پولیس نے شہر کے فلم نگر میں دکن کچن ہوٹل کے انہدام کے سلسلہ میں فلمی اداکار وینکٹیش اور ان کے افراد خاندان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ سٹی عدالت کی ہدایت پر فلم نگر پولیس نے مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیا۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں ملزم نمبر ایک کے طور پر پروڈیوسر دگو باٹی سریش کا نام ہے جبکہ ان کے بھائی دگوبائی وینکٹیش ملزم نمبر2، سریش کے فرزند واداکار دگو باٹی رانا ملزم نمبر3اور رانا کے بھائی اور پروڈیوسر دگوباٹی ابھیرام کو ملزم نمبر4 بنایا گیا ہے۔ آئی پی سی کے مختلف دفعات448,452,458 اور زبردستی داخل ہونے اور مجرمانہ سازش کے تحت کیس درج کرلیا گیا۔
نامپلی عدالت نے ہفتہ کے روز پولیس کو حکم دیا تھا کہ کیس درج کرے اور عدالتی احکام کی خلاف ورزیوں پر کارروئی کرے۔ ننداکمار کی عرضی پر عدالت نے یہ احکام جاری کئے اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ وینکٹیش اور ان کے خاندان کے افراد نے غیر مجاز انہدامی کارروائی انجام دی۔
شکایت گزار نے الزام عائد کیا کہ سٹی سیول کورٹ اور تلنگانہ ہائی کورٹ کے ا حکام زیرالتوا رہنے کے باوجود ملزم، غیر مجاز طور پر پراپرٹیز میں داخل ہوئے اور غیر سماجی عناصر کے ذریعہ نقصان پہونچایا۔ نومبر2022 میں جی ایچ ایم سی نے نندا کمار جو بی آر ایس ایم ایل ایز کو منحرف کرانے کے کیس کا ملزم ہے، کی جانب سے تعمیر کردہ ہوٹل اور اس سے متصل ڈھانچہ کو جزوی طور پر منہدم کردیا تھا۔
نندا کمار نے دگوباٹی خاندان سے زمین لیز پر حاصل کی تھی۔ کمار، ہائی کورٹ سے رجوع ہو کر عدالت سے جوں کا تو موقف برقرار رکھنے کے احکام حاصل کئے تھے۔ جنوری2024 میں دگوباٹی خاندان نے اس ڈھانچہ کو مکمل طور پر منہدم کردیا۔ کمار نے دعویٰ کیا کہ انہدامی کارروائی اور توڑ پھوڑ سے انہیں 20کروڑ کا نقصان ہوا ہے جس پر عدالت نے پولیس کو اس معاملہ کی تحقیقات کرنے اور ملزمین کے خلاف کیس درج کرنے کا حکم دیا۔
Photo Source: @jsuryareddy