[]
مہر خبررساں ایجنسی کے نمائندے کے مطابق، ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی نے ایرانی آرمی کے قومی دن کے موقع پر مسلح افواج کے دستوں کے پیریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ایمان کا اسلحہ بھی رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی برکت سے ملک دفاعی شعبے میں بھی خودکفیل ہوگیا۔ مختلف اقسام کے ڈرون، بحری جہاز اور میزائل بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ آج ملکی دفاعی ضروریات کو ایران کے اندر ہی پورا کیا جاتا ہے۔
صدر رئیسی نے کہا کہ ایرانی آرمی بہت مضبوط اور مسلح ہے جس کو سپاہ پاسداران انقلاب کی پشت پناہی حاصل ہے۔ خطے کے ممالک ہماری مسلح افواج پر اعتماد کرسکتے ہیں۔ علاقائی ممالک امریکہ اور صہیونی حکومت کے بجائے ایرانی مسلح افواج پر اعتماد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بیرونی محاذ کے ساتھ ملک کے اندرونی محاذ پر بھی فعال کردار ادا کیا ہے۔ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران متاثرین کی مدد کرنے میں مسلح افواج کا کردار قابل تحسین ہے۔
اسرائیل کے خلاف ایران کے حالیہ حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج رہبر معظم کے فرمان پر عمل کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ ہم نے اسرائیل کے خلاف محدود پیمانے پر آپریشن کیا ہے۔ اگر وسیع حملہ کرتے تو اسرائیل مکمل نابود ہوجاتا۔ ہم نے پہلے ہی متنبہ کیا ہے کہ اگر ہمارے خلاف کوئی کاروائی کی گئی تو ہمارا جواب پہلے سے زیادہ سخت اور وسیع ہوگا۔
صدر رئیسی نے کہا کہ ایرانی حملے کی وجہ سے عالمی سطح پر اسرائیل کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہم ہمیشہ سے فلسطین اور بیت المقدس کے حامی ہیں جس کا عالمی یوم القدس کے موقع پر بہترین مظاہرہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہماری مضبوط دفاعی طاقت کی وجہ سے ایران کے خلاف فوجی کاروائی کا آپشن بند ہوگیا ہے۔
آیت اللہ رئیسی نے کہا کہ عالمی سطح پر امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہورہا ہے۔