[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے اقلیتوں کو ایک لاکھ روپے کی امداد کے تحت چیکس کی تقسیم 16 اگست سے شروع ہوگی۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے منگل کو یہ بات بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے تحت وہ چاہتے ہیں کہ 10 ہزار استفادہ کنندگان میں چیکس تقسیم کئے جائیں۔
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی طرف سے ایوان اسمبلی میں دیئے گئے تیقن پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے ہریش راؤ نے اس مقصد کے لئے اضافی 130 کروڑ روپئے جاری کرنے کی خواہش کی۔
واضح رہے کہ اس اسکیم کے لئے حکومت نے پہلے ہی 270 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی امداد کے لئے استفادہ کنندگان کا انتخاب اور منظوری ہر اسمبلی حلقے میں اقلیتی آبادی کے تناسب کی بنیاد پر ہوگی۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ان حلقوں پر زیادہ توجہ مرکوز کریں جہاں اقلیتوں کی آبادی زیادہ ہو۔
ہریش راؤ نے اقلیتوں کو مالی امداد کی فراہمی کے سلسلہ میں آج ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں اوورسیز اسکالرشپس، ایم ٹی ایف، آر ٹی ایف، قبرستانوں کے لئے اراضی مختص کرنے، اماموں اور موذنوں کو اعزازیہ کی اجرائی کے ساتھ اقلیتوں کو دی جانے والی ایک لاکھ روپے کی امداد سے متعلق کئی امور کا جائزہ لیا۔
انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ریاست میں قبرستانوں اور عید گاہوں کے لئے اراضی الاٹمنٹ کے لئے موصولہ تمام درخواستوں کو جمع کریں اور اس سمت میں جاری کام میں تیزی لائیں۔
اس اجلاس میں ایم آئی ایم فلور لیڈر اکبر الدین اویسی، ریاستی وزراء تلاسانی سرینواس یادو، محمد محمود علی، کوپلا ایشور، گنگولا کملاکر، چیف سکریٹری اے شانتی کماری اور دیگر سینئر عہدیدار موجود تھے۔