[]
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آسام کے بی جے پی لیڈران و کارکنان سے کہا کہ وہ ریاستی عوام کے درمیان جائیں اور بی جے پی کی بدتر حکمرانی کو ظاہر کریں۔
آئندہ لوک سبھا انتخاب کی تیاریوں کو لے کر منگل کے روز کانگریس اعلیٰ کمان کے ساتھ آسام کانگریس لیڈران کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، آسام کے انچارج جنرل سکریٹری جتیندر سنگھ، آسام ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر بھوپین بورا، آسام میں حزب مخالف لیڈر دیب برت سیکیا، لوک سبھا میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کے ڈپٹی لیڈر گورو گگوئی سمیت آسام کانگریس کے سبھی اہم لیڈران موجود تھے۔
میٹنگ کے بعد کانگریس صدر کھڑگے نے ٹوئٹ کر کہا کہ آسام میں کانگریس پارٹی لوک سبھا انتخاب کی تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے۔ ہم تنظیم کو پھر سے مضبوط کر رہے ہیں۔ سبھی لیڈران و کارکنان کو لوگوں تک پہنچنا چاہیے اور بی جے پی کے کُشاسن (بدتر حکمرانی) کو ظاہر کرنا چاہیے۔ کانگریس پارٹی نے آسام کی تعمیر کی اور ریاست میں امن، ترقی و فلاح کو یقینی بنایا لیکن بی جے پی سب کچھ تباہ کر دیا۔
کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے فیس بک پوسٹ کے ذریعہ آسام کانگریس لیڈران و کارکنان سے ہوئی ملاقات کی جانکاری دی۔ انھوں نے پوسٹ میں لکھا کہ “آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب کو لے کر کانگریس لیڈران سے ملاقات کی۔ میٹنگ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے جی کی قیادت میں ہوئی۔” انھوں نے کہا کہ امن اور خوشحالی وہ بنیادی ستون رہے ہیں جن پر کانگریس پارٹی نے ایک ترقی پذیر آسام کی تعمیر کی۔ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کے کُشاسن نے ان ستونوں کو منہدم کر دیا ہے۔ ہم یہ یقینی کرنے کے لیے پرعزم ہیں کہ یہ روش رُکے اور عوام کی بھلائی کے لیے وقت بدلے۔
میٹنگ کے بعد آسام کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری جتیندر سنگھ نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ آج کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ آئندہ لوک سبھا انتخاب کی تیاریوں اور خاکہ کو لے کر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما آسام کو فروخت کر رہے ہیں۔ ہیمنت بسوا سرما ملک کے سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ ہیں۔ وہ آسام کے ماحول کو خراب کر بھائی چارے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آسام کانگریس کے صدر بھوپین بورا نے اس میٹنگ کے بعد کہا کہ جس طرح بی جے پی نے ہریانہ اور منی پور میں بدامنی پھیلائی ہے، اسی طرح آسام میں بدامنی پھیلانے کے لیے وی ایچ پی کا نام لے کر کھلے عام بندوق چلانے کی ٹریننگ دے رہی تھی۔ آسام کے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس ایشو کو ہم قومی سطح تک لے کر جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔