[]
روڈ شو کے دوران پرینکا گاندھی و دیگر لیڈران نے سڑک پر کھڑے لوگوں کا استقبال کیا، کانگریس کارکنان اس دوران پارٹی امیدوار کی حمایت میں لگاتار نعرے بلند کر رہے تھے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کے روز الور لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار للت یادو کی حمایت میں عظیم الشان روڈ شو کیا۔ روڈ شو میں پرینکا کھلی چھت والی گاڑی میں سوار تھیں اور ان کے ساتھ راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر ٹیکارام جولی، راجستھان انچارج سکھجندر سنگھ رندھاوا اور کانگریس امیدوار للت یادو بھی گاڑی میں موجود تھے۔
روڈ شو کے دوران پرینکا گاندھی اور دیگر لیڈران نے سڑک کی دونوں طرف کھڑے لوگوں کا ہاتھ جوڑ کر استقبال کیا۔ روڈ شو کے دوران بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان پارٹی امیدوار کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے بھی دیکھے گئے۔ کئی مقامات پر لوگوں کی طرف سے مالائیں بھیجی گئیں اور کچھ لوگوں نے کاغذ پر لکھ کر اپنی باتیں کانگریس لیڈران تک پہنچائیں۔
تقریباً ایک گھنٹہ کے روڈ شو میں پرینکا گاندھی پُرجوش دکھائی دیں اور جگہ جگہ گاڑی روک کر لوگوں کا استقبال کرتی ہوئی نظر آئیں۔ یہ روڈ شو شہید اسمارک سے شروع ہوا اور چرچ روڈ، ہوپ سرکس، کلاکند مارکیٹ وغیرہ سے گزرا۔ روڈ شو کے بعد پرینکا گاندھی نے کچھ تصویریں ’ایکس‘ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’آج راجستھان کے الور کی عوام جس طرح سے سیلاب بن کر سڑک پر امنڈی، وہ آنے والی تبدیلی کا اشارہ ہے۔ راجستھان نے کانگریس کو زبردست اکثریت سے کامیاب بنا کر ’انڈیا‘ کی حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’اس بار نوجوانوں، خواتین، کسانوں، دلتوں، قبائلیوں کی حکومت بنے گی۔ اس بار عوام کی حکومت بنے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔