[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر آیت اللہ رئیسی نے صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں ملک کی مسلح افواج کے تاریخی، زبردست اور فاتحانہ آپریشن کے سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے غیور سپوتوں نے ملک کے تمام دفاعی اور سیاسی شعبوں کی ہم آہنگی سے ایران کی تاریخ کا نیا باب کھولتے ہوئے صیہونی دشمن کو سبق سکھایا۔
صدر رئیسی کے پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے؛
بسم الله الرحمن الرحیم
ایران کی عظیم اور قابل فخر قوم
گذشتہ رات سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں آپ کے غیرت مند اور بہادر بیٹوں نے ملک کے تمام دفاعی اور سیاسی شعبوں کے تعاون اور ہم آہنگی سے ایران کی تاریخ میں ایک نیا باب کھولتے ہوئے صیہونی دشمن کو سبق سکھایا اور رہبر معظم انقلاب کا جارح رجیم کو کڑی سزا دینے کا وعدہ پورا کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی غاصب حکومت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ یہ دفاعی اقدام اسلامی جمہوریہ ایران کے اہداف اور مفادات کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحانہ کاروائیوں بالخصوص یکم اپریل کے فوجی حملے کے جواب میں تھا۔ کل رات کا مشترکہ آپریشن امت اسلامیہ کے لئے طاقت اور ڈیٹرنس جب کہ انسانیت کے دشمنوں کے لیے خوف اور ذلت کا پیغام تھا۔
گزشتہ چھے مہینوں اور خاص طور پر آخری دس دنوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران نے تمام علاقائی اور بین الاقوامی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر فعال ہونے سے پیدا ہونے والے مہلک خطرات کی جانب مبذول کرائی۔ لیکن بدقسمتی سے سلامتی کونسل امریکہ اور صیہونی حکومت کے بعض دوسرے حامیوں کے زیر اثر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی اور صیہونی حکومت کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سالمیت، خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع میں ایران کا دانشمندانہ اور جرات مندانہ اقدام جارح کو سزا دینے اور خطے میں استحکام کی طرف ایک قدم ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے تدبر اور ہوشیاری کے ساتھ پہلے قدم میں قابض حکومت کے بعض فوجی ٹھکانوں کو ڈرون اور میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران خطے کے امن و استحکام کو اپنی قومی سلامتی کے لیے ضروری سمجھتا ہے اور اس نے امن و استحکام کی بحالی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ہے۔ آج، کسی بھی منصف عالمی مبصر کے لیے یہ بات پوری طرح واضح ہے کہ صیہونی رجیم کے اقدامات ایک غاصب، دہشت گرد اور نسل پرست رجیم کے طور پر کہ جو خود کو کسی قانونی، اخلاقی یا انسانی اصول و ضوابط کا پابند نہیں سمجھتی، خطے کے امن و سلامتی کے لیے فوری خطرہ ہیں۔
یہ غاصب رجیم امریکہ اور بعض دیگر مغربی ممالک کی شرمناک حمایت سے گزشتہ چھے مہینوں سے فلسطینیوں کی مسلسل نسل کشی کی مرتکب ہو کر خطے کو مزید نا امنی اور عدم استحکام سے دوچار کرچکی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت ملکی سلامتی کی طاقت ہے جو خطے کے ممالک اور اقوام کے مفادات کا دفاع کرتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران ہمسائیگی کی پالیسی کو آگے بڑھانے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ خطے کے تمام مسالک، مذاہب اور نظریات کے لوگ امن و سکون سے زندگی گزارنے کا حق رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی سے قابض اور توسیع پسند صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم نے کئی دہائیوں سے ہمارے خطے کے عوام کو اس نعمت سے محروم رکھا ہوا ہے۔
“مزاحمت” خطے میں امن و سلامتی کی بحالی اور قبضے اور کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے انکار اور مقابلے کا کلیدی لفظ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران خطے کے بحران کی اصل وجہ صیہونی حکومت کی نسل کشی اور تشدد کو سمجھتا ہے اور خطے میں استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے قابل فخر قوم اور طاقتور مسلح افواج کی حمایت سے میں اس بات پر تاکید کرتا ہوں کہ ایرانی قوم کے مفادات کے خلاف کسی بھی نئی مہم جوئی کا سخت اور خوف ناک جواب دیا جائے گا۔
مسلح افواج کے بہادر جوان خطے میں ہونے والی پیش رفت کے سبب ہر نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہیں اور اگر صیہونی حکومت یا اس کے حامیوں نے جارحیت کی حماقت کی تو انہیں فیصلہ کن اور دندان شکن جواب ملے گا۔
ہم غاصب حکومت کے حامیوں کو نصیحت کرتے ہیں کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اس ذمہ دارانہ اور متناسب اقدام کی قدر کریں اور صیہونی جارح حکومت کی اندھا دھند حمایت کرنا بند کریں جو بین الاقوامی قوانین کو خاطر میں نہیں لاتی۔
ہم ایران کے قابل فخر اور ایثار پیشہ سپاہیوں، محافظوں اور عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے ملک کی عزت اور وقار کے دفاع کے لیے اپنی جانوں سے کھیلتے ہوئے دشمن کو پیغام دیا کہ ایران کا طاقتور جوابی اقدام عظیم ایرانی قوم اور مسلح افواج کی بے مثال یکجہتی اور ہمدلی کا نتیجہ ہے۔
ایرانی قوم کی اس عظمت پر ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ایران کی حاکمیت، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
والسلام علیکم و رحمتالله و برکاته
سید ابراہیم رئیسی
14 اپریل 2024ء