[]
حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں اندرا پارک اور وی ایس ٹی کے درمیان تقریباً450 کروڑ روپئے کے مصارف سے زیر تعمیر اسٹیل فلائی اوور کو آنے والے دنوں میں عوام کے لیے کھول دیاجائے گا۔
کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈروز نے پیر کے روز یہ بات کہی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر نے رکن اسمبلی مشیر آباد ایم گوپال اور دیگر سینئر عہدیداروں کے ساتھ آج اسٹیل فلائی اوور کامعائنہ کیا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ فلائی اوور کے کام آئندہ چند ہفتوں میں مکمل ہوجائیں گے۔ اس فلائی اوور کی تعمیر میں 13 ہزار ٹن لوہے کا استعمال کیاگیا ہے۔ بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ روز نے کہاکہ اندرا پارک۔ وی ایس ٹی کااسٹیل فلائی اوور کے افتتاح کے بعد یہ حیدرآباد کا20 واں فلائی اوور رہے گا جو اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پلان(ایس آر ڈی پی) کاحصہ رہے گا۔
ایس آر ٹی پی کے تحت جی ایچ ایم سی نے 48 بڑے کام شروع کئے جن کے منجملہ 35 کام پہلے ہی مکمل ہوچکے ہیں۔ اندرا پارک۔وی ایس ٹی اسٹیل فلائی اوور ایس آر ڈی پی کا36 واں کام ہوگا اور شہر کا 20 واں فلائی اوور رہے گا۔مابقی 13 کام جنگی خطوط پر جاری ہیں۔ ہم یومیہ اساس پر ان کاموں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔
کمشنر جی ایچ ایم سی نے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی مٹا گوپال نے کہاکہ ایک باراندرا پارک۔وی ایس ٹی اسٹیل فلائی اوور کے افتتاح کے بعد اشوک نگر‘ آر ٹی سی کراس روڈ‘ عثمانیہ یونیورسٹی‘تارناکہ‘عنبر پیٹ‘اپل اور اس سے آگے کی بھاری ٹرافک کا بہاؤ‘سہل بن جائے گا۔ مٹاگوپال نے مزید کہاکہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی آر اس اسٹیل فلائی اوور کا افتتاح کریں گے۔
2.62 کیلو میٹر طویل‘ یہ اسٹیل فلائی اوور دو رخی رہے گا اور اس کے 4 لین رہیں گے اور اس پل کو ایس آر ڈی پی کے تحت تعمیر کیاگیا۔ یواین آئی کے مطابق کمشنر گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) رونالڈ راس نے شہرحیدرآباد کے اندرا پارک سے وی ایس ٹی تک 450 کروڑ روپئے کی تخمینہ لاگت سے شروع کئے گئے اسٹیل بریج کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔
پروجیکٹ سی ای، وائی ایس دیوآنند، رویندر راجو نے کمشنر کو اسٹیل بریج کی تعمیر کی تفصیلات سے واقف کروایا۔کمشنر نے اندرا پارک کا معائنہ بھی کیا۔انہوں نے پارک میں چہل قدمی کرنے والوں سے پارک کی سہولیات اور انتظام کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔