[]
File photo
حیدرآباد 3 اپریل(پریس نوٹ) یونائٹیڈ مسلم فورم نے ماہ صیام کے وداعی ایام میں کثرت سے عبادتوں اور طاق راتوں کا خصوصی اہتمام کرنے کی عامۃ المسلمین سے اپیل کی ہے۔ فورم کے ذمہ داروں مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم ( صدر )، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، جناب ضیا الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار (جنرل سکریٹری)، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری، مولانا محمد شفیق عالم خان جامعی، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی، مولانا مفتی معراج الدین علی ابرار، مولانا مفتی محمد عظیم الدین انصاری، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا ابوطالب اخباری، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا میر فراست علی شطاری، جناب ایم اے ماجد، مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، مولانا ظفر احمد جمیل حسامی، مولانا عبدالغفار خان سلامی، ڈاکٹر نظام الدین، جناب بادشاہ محی الدین و دیگر ذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں آئمہ مساجد و خطیب صاحبان سے کہا کہ وہ جمعۃ الوداع کے خطابات میں جہاں عامۃ المسلمین کو عبادتوں کے اہتمام کے لئے توجہ دلائیں وہیں وہ ملک و عالم اسلام کے موجودہ حالات سے بھی انہیں واقف کروائیں۔
ماه رمضان المبارک کے دوران جس طرح رات بھر بازار و دیگر مشغولات کے ذریعہ اس ماہ مبارک کی روح کو پامال کیا جا رہا ہے وہ در اصل ملت کی تنزلی کا باعث ہے۔ اس ماہ کی خوشیاں رات بھر بازاروں میں گھومنے سے نہیں حاصل ہوں گی بلکہ خشوع و خضوع کے ساتھ عبادتوں کا نظم ہی راہ نجات ہے۔ذمہ داروں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سے عامۃ المسلمین کو واقف کروایا جائے۔ پارلیمنٹ کے انتخابات کے تناظر میں ووٹ کی اہمیت کو واضح کیا جائے۔
سرکاری سرپرستی میں تعصب اور سماج کو بائنے کی کوششوں سے ملک کی یک جہتی کو خطرہ لاحق ہے جب کہ ہمارے آباء و اجداد نے اپنی بیش بہا قربانیوں کے ذریعہ ملک کو آزادی دلائی آج اسی جذبہ کے ذریعہ اس آزادی کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی پر ساری دنیا مجرمانہ خاموشی بنائی ہوئی ہے، دنیا کا ضمیر مرچکا ہے، ظالم آہنی پنجہ کے ساتھ نسل کشی میں مصروف ہے۔ بین الاقوامی قوانین کی اس کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ان حالات میں بعض ممالک کے علاوہ تمام ممالک کا کردار بھی ساری دنیا کے ساتھ مجرمانہ ہوگیا ہے۔ ماہ رمضان المبارک اب رخصت ہونے والے ہیں، مسلمان ایسے میں اپنا محاسبہ کریں۔ ملک میں اپنی شناخت کا تحفظ اور عالمی سطح پر طاغوتی و صہیونی طاقتوں کے خلاف دعاوں کو اپنا ہتھیار بنالیں۔
آخری دہے کے ایام میں ہر لمحہ کو غنیمت جانیں، بازاروں سے اجتناب کریں۔ چاند رات کو مہینہ بھر کی عبادتوں کا صلہ لیلۃ الجائزہ میں حاصل کریں، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں کیوں کہ یہی راہ نجات ہے.