’ٹیکس ٹیررزم‘ کے خلاف کانگریس نے ملک بھر میں کیا مظاہرہ، صدر جمہوریہ کو بھیجا گیا میمورینڈم

[]

دہلی، اتر پردیش، مغربی بنگال، آسام، راجستھان سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں کانگریس لیڈران و کارکنان نے پارٹی کا اکاؤنٹ فریز کیے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا اور اسے ’ٹیکس ٹیررزم‘ قرار دیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>
user

لوک سبھا انتخاب سے عین قبل کانگریس کے کئی اکاؤنٹس فریز ہیں اور انکم ٹیکس کے ذریعہ 28 مارچ کو ٹیکس ادائیگی سے متعلق ایک نیا نوٹس آنے کے بعد پارٹی لیڈران و کارکنان میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے اس معاملے میں 30 اور 31 مارچ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر عمل کرتے ہوئے آج کئی ریاستوں میں کانگریس لیڈران و کارکنان سڑکوں پر نظر آئے۔ کانگریس لیڈران و کارکنان مودی حکومت کے خلاف نعرے بلند کیے اور مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

آج راجدھانی دہلی، اتر پردیش، مغربی بنگال، آسام، راجستھان سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں کانگریس لیڈران و کارکنان نے پارٹی کا اکاؤنٹ فریز کیے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا اور اسے ’ٹیکس ٹیررزم‘ قرار دیا۔ دہلی میں خاص طور سے یوتھ کانگریس صدر سرینواس بی وی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر سرینواس نے کہا کہ مودی حکومت ملک کی اہم اپوزیشن پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کو فریز کر کے جمہوریت کو فریز کرنا چاہتی ہے، لیکن اس ناانصافی اور تاناشاہی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

اتر پردیش میں کئی مقامات پر کانگریس لیڈران و کارکنان کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا جہاں مرکزی حکومت پر انکم ٹیکس محکمہ کے ذریعہ کانگریس کے خلاف غیر آئینی و غیر قانونی جنگ شروع کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ ساتھ ہی اس سلسلے میں صدر جمہوریہ کو ایک میمورینڈم بھی بھیجا گیا۔ اس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت کے اشارے پر آئینی اداروں کے ذریعہ اپوزیشن پارٹیوں پر کیے جا رہے حملے بند کیے جائیں۔ اس عرضداشت میں لوک سبھا انتخاب کو متاثر کرنے کی کوششوں پر قدغن لگانے اور ملک میں صحت مند جمہوری عمل کو زندہ رکھنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ یہ میمورینڈم وارانسی، پریاگ راج، گورکھپور، لکھنؤ، میرٹھ، علی گڑھ سمیت سبھی ضلع ہیڈکوارٹرس پر کانگریس لیڈران نے صدر جمہوریہ کو بھیجا۔ لکھنؤ میں ضلع کانگریس کمیٹی صدر وید پرکاش ترپاٹھی کی قیادت میں جلوس نکالنے کی کوشش بھی ہوئی، لیکن پولیس نے جلوس کے پارٹی دفتر سے چند قدم آگے بڑھتے ہی بیریکیڈنگ کر اسے روک دیا۔ ترپاٹھی نے اسی موقع پر صدر جمہوریہ کے لیے تیار میمورینڈم پولیس کمشنر کے حوالے کر دیا۔

مغربی بنگال، آسام اور راجستھان وغیرہ ریاستوں کی کئی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں کانگریس لیڈران و کارکنان کا مودی حکومت کے تئیں ناراضگی صاف دکھائی دے رہی ہے۔ لیڈران و کارکنان ہاتھوں میں پوسٹرس و بینرس لیے ہوئے نظر آ رہے ہیں جس میں ’جمہوریت کا قتل بند کرو‘ اور ’ٹیکس ٹیررزم کا ہو رہا استعمال‘ جیسے نعرے لکھے ہوئے ہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *