[]
مہر خبررساں ایجنسی کے خصوصی نمائندے کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ امیر عبداللہیان نے کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے سیاسی اور معاشی حکام کے ساتھ ساتھ تاجر برادری اور صنعتی اداروں کے نمائندوں سے ہونے والی ملاقاتوں کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور معاشی تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے مذاکرات ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو پاکستان کے اقتصادی مرکز کی حیثیت حاصل ہے لہذا یہ شہر دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور اقتصادی تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
عبداللہیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے نامور تاجروں اور صنعتی اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان ماضی میں بھی اقتصادی تعلقات تھے لیکن حالیہ عرصے میں ایرانی سفارتخانہ اور مختلف شہروں میں موجود قونصل خانے اس حوالے سے مزید فعالیت کررہے ہیں بنابراین امید کی جاتی ہے کہ ان ملاقاتوں کے نتیجے میں روابط مزید مستحکم ہوں گے۔