[]
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے الیکشن کمیشن کو جموں وکشمیر میں جمہوریت کی بحالی کے لئے اپنا رول ادا کرکے یونین ٹریٹری میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ منعقد کرنے کا اعلان کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ دس برسوں سے اسمبلی انتخابات نہیں ہو رہے ہیں۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘الیکشن کمیشن سے کوئی توقعات نہیں ہیں اس ادارے کو جمہوریت بحال کرنے کے اپنے مشن کے لئے اپنا رول ادا کرنا چاہئے جموں وکشمیر نے گذشتہ دس برسوں سے اسمبلی انتخابات نہیں دیکھے ہیں’۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی قیادت والی کمیٹی کی طرف سے ‘ون نیشن، ون الیکشن’ رپورٹ پیش کرنے کے حوالے نے ان کا کہنا تھا: ‘یہ سنہری موقع ہے کہ یہ پالیسی جموں وکشمیر سے شروع کی جائے’۔انہوں نے کہا: ‘شروعات جموں وکشمیر سے کی جانی چاہئے۔
یہ سنرہی موقع ہے کہ الیکشن کمیشن کل کی پریس کانفرنس میں جموں وکشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ منعقد کرانے کا اعلان کرے’۔ان کا کہنا تھا: ‘جو یہ ون نیشن ون الیکشن کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے کہیں یہ لوگوں کو دھوکہ دینے کے لئے تو نہیں ہے’۔
پی اے جی ڈی کی ممکنہ میٹنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا: ‘میں پی اے جی ڈی کا کوئی عہدیدار نہیں ہوں یہ سوال اس کے عہدیداروں سے پوچھا جائے’۔
بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کرنے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘میں نہیں جا رہا ہوں’۔پارٹی کی طرف سے امیداروں کا اعلان کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘جب پارٹی کی مرضی ہوگی اعلان کیا جائے گا’۔