ممبئی نے 42 ویں مرتبہ رانجی ٹرافی جیت لی، سرفراز خان کے بھائی مشیر خان کو میان آف دی میاچ

[]

ممبئی: ممبئی نے 42 ویں بار رانجی ٹرافی کا خطاب جیتا ہے۔ 2023-24 رانجی ٹرافی سیزن کے فائنل میں ممبئی نے ودربھ کو 169 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ ودربھ کا تیسری بار رانجی ٹرافی ٹائٹل جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ 538 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ودربھ کی ٹیم نے شاندار واپسی کی۔

چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک ودربھ کا سکور بورڈ پر 248 رنز تھا۔ تاہم، ٹیم کو چمپئن بننے کیلئے مزید 290 رنز بنانے تھے، لیکن تنوش کوٹیان نے اکشے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا اور پانچویں دن ممبئی کو میچ میں واپس لے آئے۔ ان کے علاوہ تشار دیش پانڈے‘ مشیر خان اور کلکرنی نے بھی شاندار گیند بازی کی۔

 ودربھ کیلئے کپتان اکشے واڈیکر نے شاندار سنچری اسکور کی۔ ان کے علاوہ ہرش دوبے نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم ٹیم 368 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور ممبئی نے 42 ویں بار رانجی ٹرافی 2024 کا خطاب جیتا۔ اکشے واڈکر نے 199 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 102 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔

 اکشے کو ودربھ کو جیت دلانے کی پوری کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکے۔ ان کے علاوہ ہرش دوبے کے بیاٹ سے 65 رنز آئے۔ آدتیہ سروتے، یش ٹھاکر اور اومیش یادو سستے میں پویلین لوٹ گئے۔

ممبئی ٹیم کے بلے بازوں اور گیند بازوں دونوں کی کارکردگی شاندار رہی۔ ودربھ کے خلاف فائنل میچ میں ممبئی کے تنوش کوٹیان نے دونوں اننگز میں مجموعی طورپر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 3 جبکہ دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مشیر خان نے دوسری اننگز میں بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 پہلی اننگز میں ممبئی کی جانب سے شاردول ٹھاکر نے سب سے زیادہ 75 رنز بنائے۔ ودربھ ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز میں ہرش دوبے اور یش ٹھاکر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اومیش کو 2 اور آدتیہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 اس کے بعد ممبئی کی دوسری اننگز میں خراب شروعات کے بعد مشیر خان کا بیاٹ زوردار گرجنے لگا۔ مشیر نے 326 گیندوں کا سامنا کیا اور 136 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان اجنکیا رہانے 73 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ شریاس ایئر نے 95 رن بنائے۔ شمس ملانی نے نصف سنچری اسکور کی۔ مشیر خان کو پلیئر آف دی میاچ قرار دیاگیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *