بہار اسمبلی انتخاب میں ’انڈیا اتحاد‘ کی موجودگی پر راہل گاندھی نے لگائی مہر! بی پی ایس سی طلبا سے بھی کی ملاقات

اپنی مصروفیات سے کچھ وقت نکال کر راہل گاندھی نے بی پی ایس سی کے خلاف مظاہرہ کر رہے طلبا سے ملاقات کی، انھوں نے طلبا سے بات چیت کر اور ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @INCIndia</p></div><div class="paragraphs"><p>تصویر @INCIndia</p></div>
user

’’بہار ایک انقلابی ریاست ہے۔ ملک میں جب بھی تبدیلی آتی ہے، بہار سے آتی ہے۔ آئندہ (اسمبلی) انتخاب بہار میں ہے اور یہ نظریات کی لڑائی ہے۔ آپ سبھی کانگریس کے ببر شیر ہو، آر ایس ایس-بی جے پی کے نظریات کو ہمیں ہرانا ہے۔ انڈیا اتحاد مل کر بی جے پی-آر ایس ایس کو ہرائے گا۔‘‘ یہ بیان آج کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بہار میں ’نیائے یودھا کانگریس کارکن میٹنگ‘ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ اس بیان سے انھوں نے واضح کر دیا کہ بہار اسمبلی انتخاب میں ’انڈیا اتحاد‘ کی پارٹیاں ایک ساتھ مل کر بی جے پی-آر ایس ایس اور اس کی حامیوں پارٹیوں سے مقابلہ کریں گی۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے آج پٹنہ میں ’تحفظ آئین سمیلن‘ سے خطاب کرنے کے بعد کانگریس کارکنان کی میٹنگ میں شرکت کی۔ یہاں انھوں نے پارٹی کارکنان سے آئندہ اسمبلی انتخاب کے لیے کمر کسنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ’’آپ ببر شیر ہیں، آپ دن رات کانگریس کے نظریات کو بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ آپ تیار ہو جائیں بہار میں بی جے پی-آر ایس ایس کو شکست دینے کے لیے۔‘‘ راہل گاندھی کی پٹنہ آمد کے بعد تیجسوی یادو نے ان سے مختصر ملاقات بھی کی اور لالو یادو سے ان کی رہائش پر ملاقات کرنے کی دعوت دی۔ اس دعوت کو راہل گاندھی نے قبول بھی کیا اور پارٹی کی تقاریب سے فرصت پا کر ان سے ملاقات کرنے پہنچ گئے۔

کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر راہل گاندھی کی لالو پرساد اور ان کے کنبہ سے ملاقات کی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں۔ اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لالو یادو کی رہائش پر ان کی بیوی و سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، تیج پرتاپ یادو، تیجسوی یادو، میسا بھارتی کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر افراد بھی موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہاں راہل گاندھی نے شام کی چائے پی اور کچھ بات چیت بھی ہوئی۔

اپنی مصروفیات سے کچھ وقت نکال کر راہل گاندھی بی پی ایس سی امتحان کو لے کر مظاہرہ کر رہے طلبا سے ملاقات کرنے پٹنہ واقع گردنی باغ بھی پہنچے۔ وہاں مظاہرہ کر رہے طلبا سے انھوں نے بات چیت کی اور ان کے مسائل جاننے کی کوشش کی۔ اس ملاقات کی کچھ تصویریں شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک طویل پوسٹ بھی راہل گاندھی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’پٹنہ میں گردنی باغ جا کر مظاہرہ کر رہے طلبا سے ملاقات کی۔ انھوں نے بتایا کہ کس طرح بی پی ایس سی ناانصافی کر رہی ہے اور بہار حکومت لاٹھی ڈنڈے کی چوٹ دے رہی ہے۔‘‘

اس پوسٹ میں راہل گاندھی بہار کی ڈبل انجن حکومت پر حملہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’مودی جی کہتے ہیں بہار میں ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ لیکن فیل ہو چکے اس انجن سے غریب محنتی طلبا کے خوابوں کو کچلا جا رہا ہے۔ نوجوان طاقت کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ سرکاری ملازمت کی کوئی بھی بھرتی ان سے بغیر پیپر لیک یا دھاندلی کے پوری نہیں ہوتی۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’طلبا نے بتایا کہ بی پی ایس سی کے امتحان میں نارملائزیشن نہیں ہونا چاہیے، اس داغدار امتحان کو رد کر کے ایمانداری سے از سر نو امتحان کروانا چاہیے۔ میں وزیر اعلیٰ جی سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ مظاہرہ کر رہے طلبا کے خلاف لاٹھی چارج کروانے اور بے حسی کا مظاہرہ کرنے کی جگہ ان سے ملاقات کر ان کے مطالبات کو سنیں اور سنجیدگی سے غور و فکر کریں۔‘‘ وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’آج کے ایکلویہ کا انگوٹھا کاٹ کر ان پر ناانصافی نہیں کی جا سکتی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے بی پی ایس سی طلبا کے مظاہرہ اور پیپر لیک سے متعلق بیان آج کانگریس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھی دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’بہار پیپر لیک کا سنٹر ہو گیا ہے۔ یہاں تعلیم کا پورا سسٹم بک گیا ہے۔ بہار میں نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا، مہنگائی بڑھ رہی ہے اور غریب کچلے جا رہے ہیں۔ ہمیں بہار کے کسان، مزدور، غریب سمیت ہر طبقہ کے لیے لڑنا ہے۔ یہاں بی جے پی کے نظریات کو شکست دینی ہے اور آئین کے نظریات کو کامیاب بنانا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *