کونسل کا ضمنی الیکشن، نوین کمار ریڈی بی آر ایس امیدوار

[]

حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) نے جمعرات کے روز تلنگانہ قانون ساز کونسل کے حلقہ ادارہ جات مقامی محبوب نگر کے ضمنی الیکشن میں این نوین کمار ریڈی کے نام کا بطور پارٹی امیدوار اعلان کیا ہے۔

بی آ رایس سربراہ وسابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے28 مارچ کو منعقد شدنی ضمنی الیکشن کیلئے پارٹی امیدوار کے طور پر این نوین ریڈی کے نام کو قطعیت دی ہے۔

بی آر ایس نے اپنے بیان میں بتایا کہ متحدہ ضلع محبوب نگر کے پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد بی آر ایس سربراہ نوین ریڈی کے نام کا اعلان کیا ہے۔ نندی گاما منڈل کے موضع مامڈی پلی کے رہنے والے این نوین کمار ریڈی، متحدہ محبوب نگر میں ضلع پریشد کے نائب صدرنشین تھے۔

بی آر ایس سے مستعفی ہونے کے بعد کاسی ریڈی نارائن ریڈی کی اسمبلی الیکشن میں حلقہ کلواکرتی سے کامیابی کے بعد کونسل کی یہ نشست مخلوعہ ہوگئی تھی جس کا ضمنی الیکشن 28مارچ کو مقرر ہے۔

شیڈول کے مطابق ضمنی الیکشن کیلئے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز 4مارچ سے ہوچکا ہے اور پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کی 11 مارچ آخری تاریخ ہے۔ الیکشن 28 مارچ کو ہوگا اور ووٹوں کی گنتی2/ اپریل کو ہوگی۔

بی آر ایس قائد وسابق وزیر ایس نرنجن ریڈی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ضمنی الیکشن میں بی آر ایس امیدوار نوین کمار ریڈی کو کامیابی ملے گی کیونکہ حلقہ میں 1445 ووٹوں کے منجملہ بی آر ایس کے بی فام سے 1006 عوامی نمائندے منتخب ہوئے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف وجوہات کے سبب چند عوامی نمائندوں کو نااہل قرار دئیے جانے اور چندرائے دہندوں کی موت کے بعد بی آر ایس کے ووٹروں کی تعداد 850 کے قریب ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *