[]
دبئی: آپ نے لہسن، ادرک، دھنیہ، لال مرچ، پیاز اور گرم مسالے سے لگنے والے تڑکوں سے متعلق تو سن رکھا ہوگا مگر اب مارکیٹ میں سونے کے پاؤڈر سے بنا تڑکا بھی متعارف کروا دیا گیا ہے۔
دبئی میں موجود ہندوستانی شیف، رنویر برار کے ریسٹورنٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اس وقت خوب وائرل ہے جس میں وہ 24 قیراط سونے کا تڑکا دال کو لگاتے نظر آ رہے ہیں۔
ہندوستانی شیف کے دبئی میں واقع ریسٹورنٹ نے ایک ایسی ڈش متعارف کرائی ہے جو ناصرف ذائقہ کا ایک منفرد تجربہ ہوگا بلکہ اس میں تڑکے کے لیے سونے کے پاؤڈر کا استعمال کیا گیا ہے۔
اس دال کو صندوق میں بند کر کے پیش کیا جاتا ہے اور جب یہ صندوق کھلے گا تو اس دال کو آپ کی آنکھوں کے سامنے 24 قیراط سونے کا تڑکا لگایا جائے گا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہندوستانی شیف اس ڈش کا نام ‘دال کشکن‘ بتا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دال کی قیمت 58 درہم (تقریباً 1,300) ہے۔ اس ویڈیو کے کمنٹ باکس میں انٹرنیٹ صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
کچھ انٹریٹ صارفین نے اس دال کو پیسوں کا ضیاع تو کسی نے اس دال کو ایک بار ضرور آزمانے کا تہیہ کیا ہے۔