[]
حیدرآباد: تلنگانہ میں 12لوک سبھا حلقوں میں کانگریس کے ووٹ کے شرح میں اضافہ ہواہے۔تقریبا دس سال کے وقفہ کے بعد ریاست میں اقتدارپر واپسی کرنے والی کانگریس پارٹی کی حالت سروے کے مطابق کئی حلقوں میں بہتر ہوئی ہے۔پارٹی کے انتخابی حکمت عملی کے ماہر سنیل کنوگولو کی ٹیم کی جانب سے یہ سروے کیاگیا ہے۔
ہر حلقہ کے لئے پارٹی کے ٹکٹس کے خواہشمندوں کے بارے میں بھی سروے کیاجائے گا۔ہر حلقہ سے تین تا4خواہشمندوں کے سلسلہ میں یہ سروے کیاجائے گا۔ریاست کی حکمران جماعت کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظراپنی سرگرمیوں میں تیزی پیداکردی ہے۔
حال ہی میں وزیراعلی وتلنگانہ کانگریس کے صدرریونت ریڈی اورریاست میں کانگریس امور کی انچارج دیپاداس منشی نے پارٹی کے دیگر لیڈروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاتھا۔
اس اجلاس میں سنیل کی جانب سے کئے گئے پارٹی واری سروے کے نتائج کا تجزیہ بھی کیا گیا۔پردیش انتخابی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی ٹکٹ کے خواہشمندوں کے ناموں کی سفارش پر مشتمل فہرست کے بشمول دیگر پارٹیوں سے کانگریس میں شامل افراد، شامل ہونے کے خواہشمند اہم لیڈروں کی کامیابی کے بارے میں سروے کا منصوبہ تیار کیاگیا ہے۔
ہر لوک سبھا حلقہ میں تین تا چارخواہشمندوں کے سلسلہ میں سروے کیاجائے گا۔کانگریس،انتخابات میں کامیاب ہونے والے لیڈروں کو ٹکٹ کی فراہمی کی سمت مساعی کررہی ہے۔ ریاست سے کم ازکم 14نشستوں پرکامیابی کے نشانہ کے ساتھ کانگریس نے منصوبہ تیار کیاہے۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے متحدہ اضلاع کی بنیاد پرلیڈروں اور وزرا کے ساتھ حال ہی میں اجلاس منعقد کیاتھا۔گذشتہ انتخابات کے نتائج کا تجزیہ کرنے پریہ پتہ چلا ہے کہ کانگریس کے ووٹ میں 4تا5فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔سروے میں پتہ چلا ہے کہ ریاست میں کانگریس کے برسراقتدارآنے کے بعد عوام کی رائے تبدیل ہوگئی ہے۔
سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کی سمت پیشقدمی، 6ضمانتوں میں سے دو ضمانتوں پر اقتدارمیں واپسی کے اندرون دودن عمل کیاگیا اور اب کانگریس نے مزید دو ضمانتوں پر عمل کا بھی آغازکردیا ہے جس سے علاقائی سطح پرمثبت صورتحال دیکھی گئی ہے۔
تازہ سروے میں پتہ چلا ہے کہ ریاست کی17لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 12پر کانگریس کی کامیابی کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ پارٹی 12لوک سبھا حلقوں میں سے 5میں بی سی طبقہ کے افراد کو امیدوار بنائے گی۔